راولپنڈی میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے میچز اختتام پذیر ہو گئے

راولپنڈی میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے میچز اختتام پذیر ہو گئے۔ راولپنڈی پولیس کی جانب سے سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ۔ آر پی او راولپنڈی بابر سرفراز الپا، ایس ایس پی آپریشنز فلائٹ لیفٹیننٹ (ر) حافظ کامران اصغر اور دیگر سینئر افسران فیلڈ میں موجود رہ کر تمام تر انتظامات کی نگرانی کرتے رہے۔
راولپنڈی پولیس کے 5 ہزار سے زائد افسران و جوانوں نے انتھک محنت و مستعدی سے بہترین سیکورٹی ڈیوٹیز انجام دیں۔ ٹریفک پولیس کے 360 سے زائد افسران و جوانوں نے ٹریفک کی بلا تعطل روانی کو یقینی بنایا، ایس ایس پی آپریشنز فلائٹ لیفٹیننٹ (ر)حافظ کامران اصغر کا کہنا تھا کہ بہترین حکمت عملی سے سٹیڈیم، روٹ اور گرد ونواح کی سیکورٹی کو یقینی بنایا گیا۔ ٹیموں کے روٹ کی مؤثر سیکورٹی کے ساتھ ساتھ چھتوں پر ماہر نشانہ باز تعینات کئے گئے۔
انہوں نے کہا ٹیموں اور شائقین کی سیکورٹی کے لئے تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے فول پروف اقدامات کئے گئے۔ کرکٹ سیریز کے لئے فول پروف سیکورٹی انتظامات پر راولپنڈی پولیس کے افسران اور جوان شاباش کے مستحق ہیں۔ آر پی او بابر سرفراز الپا نے کہا کہ انٹرنیشنل ایونٹ کے بہترین اور کامیاب انعقاد کے لئے راولپنڈی پولیس کے تمام افسران و جوان لائق تحسین ہیں، پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی میں راولپنڈی پولیس نے ہمیشہ کلیدی کردار ادا کیا ہے۔