چیئرمین واپڈا کا داسو پراجیکٹ کا دورہ،چینی سفیرہمراہ ، چیئرمین کا قیمتی جانوں کے ضیاع پردکھ اور تعزیت کا اظہار
چیئرمین واپڈا انجینئر لیفٹیننٹ جنرل سجاد غنی (ریٹائرڈ) نے گزشتہ روز چینی انجینئرز اور کارکنوں کے ساتھ پیش آئے دہشت گردی کے واقعہ کے پس منظر میں داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کا دورہ کیا۔ ان کے دورے کا مقصد داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ پر کام کرنے والے چینی انجینئرز اور دیگر کارکنوں کے ساتھ واپڈا کی جانب سے یکجہتی کا اظہار کرنا تھا۔
خیبرپختونخواکے علاقہ بشام کے قریب گزشتہ روز اسلام آباد سے داسو پراجیکٹ پر جاتے ہوئے چینی انجینئرز اور کارکنوں کی گاڑی کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا تھا،جس میں پانچ چینی انجینئرز اور کارکن جبکہ ایک مقامی اپنی جان کی بازی ہار گئے تھے۔پاکستان میں متعین چینی سفیر جیانگ ژائی ڈونگ نے چیئرمین واپڈا کے ہمراہ پراجیکٹ سائٹ پر چینی ورکرز کے ساتھ وقت بھی گزارا۔
چیئرمین واپڈا نے داسو پراجیکٹ کے کنٹریکٹرزچین سے تعلق رکھنے والی تعمیراتی کمپنی ”چائنہ گزوبہ گروپ کمپنی“ کے کنسٹرکشن کیمپ کا دورہ کیا۔ دہشت گردی کے مذکورہ افسوس ناک واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے انہوں نے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر داسو پراجیکٹ پر کام کرنے والے چینی انجینئرز اور کارکنوں کے ساتھ دکھ اور تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس مشکل وقت میں ہماری ہمدردیاں سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہیں۔
قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردی کے اس واقعہ کی تحقیقات کر رہے ہیں، امید ہے اس گھناؤنے واقعہ میں ملوث افراد اور ان کے سہولت کاروں کو بہت جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ چیئرمین نے کہا کہ داسو سمیت واپڈا کے تمام منصوبوں پر سکیورٹی کے انتظامات کو تمام متعلقہ فریقین کی مشاورت سے مزید بہتر کیا جا رہا ہے تاکہ مستقبل میں اس نوعیت کے واقعات سے بچا جا سکے۔
چیئرمین واپڈا نے پاکستان کی ترقی کیلئے ناگزیر پانی اور پن بجلی کے منصوبوں سمیت پاکستان کے دیگر تمام منصوبوں کی تعمیر میں چین کی تعمیراتی کمپنیوں کے کردار کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ واپڈا کے کئی ایک منصوبوں پر چین کی معروف تعمیراتی کمپنیاں کام کر رہی ہیں،تاکہ پاکستان میں اقتصادی استحکام اور معاشرتی ترقی کے لئے اشد ضروری پانی اور سستی توانائی کے حصول کو ممکن بنایا جا سکے۔
انہوں نے اس یقین کا بھی اظہار کیا کہ پاک چین دوستی کے دشمنوں کی جانب سے دہشت گردی کی بزدلانہ کارروائیاں ہمارے باہمی تعاون میں دراڑ ڈالنے میں قطعی ناکام رہیں گی۔