قومی

سعودی فنڈ برائے ترقی کے اشتراک سےگرین انرجی اور بنیادی ڈھانچے کے نئے منصوبوں سے اقتصادی بحالی کا سفر تیز ہو گا، وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سعودی فنڈ برائے ترقی کے اشتراک سےگرین انرجی اور بنیادی ڈھانچے کے نئے منصوبوں سے اقتصادی بحالی کا سفر تیز ہو گا۔سعودی فنڈاور حکومت پاکستان کے درمیان 107 ملین ڈالر کے مالیاتی معاہدوں سے نہ صرف صاف توانائی حاصل ہوگی بلکہ مقامی آبادی کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ جنگلات کی کٹائی روکنے میں بھی مدد ملے گی۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعہ کو سعودی فنڈ فار ڈویلپمنٹ کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے فنڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسرسلطان بن عبدالرحمٰن المرشد کی سربراہی میں ان سےملاقات کی۔وزیراعظم نے سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان دیرینہ دوستی اور صحت، توانائی، انفراسٹرکچر اور تعلیم کے شعبوں میں پاکستان کو مالی امداد فراہم کرنے کے لیے سعودی فنڈ برائے ترقی کی کوششوں کو سراہا۔

سی ای او، ایس ایف ڈی نے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی کے ساتھ ساتھ قومی سول ایوارڈ ہلالِ قائداعظم عطاء کرنے پر وزیراعظم اور حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نے آزاد جموں و کشمیر میں ہائیڈرو پاور سٹیشنز کی تعمیر کے لیے سعودی فنڈاور حکومت پاکستان کے درمیان 107 ملین ڈالر کے مالیاتی معاہدوں پر دستخط کو بھی سراہا،اس سے نہ صرف صاف توانائی حاصل ہوگی بلکہ مقامی آبادی کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ جنگلات کی کٹائی کو روکنے میں بھی مدد ملے گی۔

سی ای او سعودی فنڈ نے وزیراعظم کے ساتھ جاری منصوبوں بشمول مہمند ہائیڈرو پاور پراجیکٹ، گولن گول ہائیڈرو پاور پراجیکٹ، مالاکنڈ ریجنل ڈویلپمنٹ پراجیکٹ اور سعودی گرانٹس کے ذریعے شروع کیے گئے دیگر منصوبوں کے بارے میں بتایا۔

وزیر اعظم نے سعودی فنڈ کے تعاون کو سراہتے ہوئے سعودی فنڈ کے اشتراک والے گرین انرجی اور انفراسٹرکچر کے شعبے میں نئے منصوبوں کی پروسیسنگ کو تیز کرنے کی ضرورت کو اجاگر کیا جس سے اقتصادی بحالی کا سفر تیز ہو گا۔ سی ای او، ایس ایف ڈی نے مشترکہ منصوبوں پر جلد پیش رفت کی یقین دہانی کرائی اور اس بات کا اعادہ بھی کیا کہ سعودی عرب شاہی خاندان کی قیادت میں،

پاکستان کو ہر ممکن مدد اور مسلسل تعاون فراہم کرے گا۔ وزیراعظم نے سعودی فنڈ کے سی ای او اور وفد کے ارکان کا شکریہ ادا کیا اور شاہی خاندان کے تمام ارکان بالخصوص خادم الحرمین الشریفین کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button