ٹاپ نیوز

میر علی میں دہشت گردوں کے سیکورٹی فورسز کی ایک چوکی پر حملہ میں 6 دہشت گرد جہنم واصل، دو افسر اور پانچ جوان شہید

شمالی وزیرستان کے عمومی علاقے میر علی میں دہشت گردوں کے سکیورٹی فورسز کی ایک چوکی پر حملہ میں 6 دہشت گرد جہنم واصل ہو گئے جبکہ جوانمردی سے حملے کو ناکام بناتے ہوئے سکیورٹی فورسز کے دو افسر اور پانچ جوانوں نے جام شہادت نوش کیا ۔ ہفتہ کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری بیان کے مطابق 16 مارچ 2024 کو علی الصبح، چھ دہشت گردوں کے ایک گروپ نے سیکورٹی فورسز کی ایک چوکی پر حملہ کیا۔

جونہی ہمارے فوجیوں نے دراندازی کی ابتدائی کوشش کو ناکام بنایا ، دہشت گردوں نے دھماکہ خیز مواد سے بھری گاڑی کو چوکی سے ٹکرا دیا ، اس کے بعد متعدد خودکش حملوں میں عمارت کا ایک حصہ منہدم ہوگیا ، جس کے نتیجے میں سرزمین کے پانچ بہادر بیٹے شہید ہوگئے۔شہدا میں حوالدار صابرساکن ضلع خیبر ، نائیک خورشید ساکن ضلع لکی مروت ، سپاہی ناصر ساکن ضلع پشاور ، سپاہی راجہ ساکن ضلع کوہاٹ اور سپاہی سجاد ساکن ضلع ایبٹ آباد شامل ہیں۔

کلیئرنس آپریشن کے دوران لیفٹیننٹ کرنل کاشف کی سربراہی میں ہمارے دستوں نے موثر طریقے سے تمام چھ دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا۔ تاہم شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران لیفٹیننٹ کرنل سید کاشف علی عمر39 سال ساکن کراچی اور کیپٹن محمد احمد بدر،عمر23 سال،ساکن ضلع تلہ گنگ نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا ۔

علاقے میں موجود کسی بھی دوسرے دہشت گرد کے خاتمے کے لئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے ، پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لئے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر جوانوں کی اس طرح کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button