رفح پر اسرائیلی حملہ انسانی بنیاد پر امدادی کارروائیوں کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہو گا، اقوام متحدہ
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش نے خبردار کیا ہے کہ اسرائیل نے رفح پر جنگی یلغار کی تو اس سے موت کا ایسا طوفان اٹھے گا کہ ہے کہ وہاں انسانی بنیادوں پر امدادی کارروائیاں مکمل طور پرختم ہو جائیں گی۔
العربیہ کے مطابق انہوں نے جنیوا میں اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن کے اجلاس میں رفح کا ذکر کر تے ہوئے کہاکہ اس وقت وہاں14 لاکھ بے گھر فلسطینی پناہ لیے ہوئے ہیں مگر اسرائیل اسے بھر پور جنگی قوت سے نشانہ بنانے کا اعلان کر چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس اسرائیلی جارحیت سے نہ صرف 14 لاکھ فلسطینی پناہ گزین خوفزدہ ہوں گے بلکہ یہ امدادی کارروائیوں کے ہمارے پروگراموں کے تابوت میں بھی آخری کیل ثابت ہو گی۔
انہوں نے اپنی اپیل دہرا تے ہوئے کہا کہ انسانی بنیادوں پرفوری جنگ بندی کی جانی چاہیے، انہوں نے انسانی حقوق کمیشن کے ورکنگ اور طریق کار کو بھی مزید بہتر اور موثر بنانے کے لیے زور دیا ۔انتونیو گوتریش کے یہ ریمارکس اس وقت سامنے آئے ہیں جب اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے کہا ہے کہ رفح پر حملہ اسرائیلی فتح کے لیے ضروری ہے، اسی صورت میں ہم حماس کا خاتمہ کر سکیں گے۔