کاروباری

نیپال کی بین الاقوامی تجارتی منڈیوں تک پاکستانی تاجر برادری کی آسان رسائی کو یقینی بنانے کے لیے مکمل تعاون کریں گے ،نیپالی سفیر

پاکستان میں نیپال کے سفیر تاپس ادھیکاری نے کہاہےکہ نیپال ،پاکستان کے ساتھ مضبوط کاروباری روابط قائم کرنے کاخواہش مند ہے، دونوں ممالک کے تاجر باہمی تجارت کو فروغ دینے کے لیے آگے آئیں۔یہ بات انہوں نے جمعہ کو یہاں سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں منعقدہ سیالکوٹ کے ایکسپورٹرز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عبدالغفور ملک، نائب صدر عامر مجید شیخ اور سیالکوٹ کی تاجر برادری بھی موجود تھی۔

پاکستان میں نیپال کے سفیر تاپس ادھیکاری نے نیپال کی بین الاقوامی تجارتی منڈیوں تک پاکستانی تاجر برادری کی آسان رسائی کو یقینی بنانے کے لیے مکمل تعاون کا وعدہ کیا۔سفیر نےپاکستان کی اقتصادی ترقی میں سیالکوٹ کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ بلاشبہ سیالکوٹ سرجیکل سامان، کھیلوں کے سامان اور مختلف قسم کی اشیاء کی تیاری کا مرکز ہے۔انہوں نے بتایا کہ 7تا11 مارچ 2024 کو نیپال میں نیپال چیمبر ایکسپو 2024 منعقد ہونے جا رہا ہے۔انہوں نے تجویز پیش کی کہ سیالکوٹ کی تاجر برادری B2B میٹنگز کے لیے اس میں شرکت کرے۔ انہوں نے مزیدبتایا کہ 27 اپریل 2024 کو نیپال میں نیپال انویسٹمنٹ سمٹ کا منصوبہ ہے جو پاکستان کے سرمایہ کاروں کے لیے ایک بہترین موقع ثابت ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ نیپالی لوگوں کے لیے ایک رول ماڈل شہر ہے اور ہم سیالکوٹ کی تاجر برادری سے بہت کچھ سیکھیں گے۔ دونوں ممالک کے درمیان تجارت میں اضافے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ تجارتی وفود کے تباد لوں سے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارتی اور کاروباری تعلقات کو مزید فروغ دینا چاہیے۔نیپال پاکستان میں مزید تجارتی مواقع تلاش کرنے پر توجہ دے رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج کی ملاقات دونوں ممالک کی کاروباری برادریوں کے لیے بہت سود مند ثابت ہوگی اور ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کی نئی راہیں کھلیں گی۔سیالکوٹ چیمبر کے صدر عبدالغفور ملک نے اپنے خطبہ استقبالیہ میں کہا کہ نیپال اور پاکستان کے درمیان خوشگوار تعلقات ہیں دونوں ممالک کو باہمی تجارت میں مزید اضافہ کرنا چاہیے۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button