قومی

نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس

نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے مختلف اداروں کی تنظیم نو، بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ اور کاروبار کو سہولت فراہم کرنے کے حوالے سے نگران حکومت کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم منتخب حکومت کے لئے ایک ایسا لائحہ عمل دے کر جا رہے ہیں جو یقینی طور پر عوام اور قومی مفاد کے لئے مفید ثابت ہو گا جبکہ کابینہ نے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر کو پاکستان اور ترکیہ کی مسلح افواج کے مابین تعاون کے حوالے سے ان کی خدمات کے اعزاز میں حکومت ترکیہ کی جانب سے ”ٹرکش آرمڈ فورسز لیجئن آف میرٹ “ ایوارڈ وصول کرنے کی منظوری دے دی ۔

جمعرات کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس یہاں منعقد ہوا۔اس موقع پر نگران وزیراعظم نے نگران حکومت کے مختصر عرصے کے دوران اپنی کابینہ اور سول سرونٹس کی ان تھک کاوشوں کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔ نگران وزیراعظم نے کہا کہ ہم ملکی معیشت کو پہلے سے بہتر حالت میں چھوڑ کر جا رہے ہیں،نگران حکومت کے مختصر وقت میں کابینہ نے بہترین کارکردگی دکھائی۔ انہوں نےکہا کہ ہم منتخب حکومت کے لئے ایک ایسا لائحہ عمل دے کر جا رہے ہیں جو یقینی طور پر عوام اور قومی مفاد کے لئے مفید ثابت ہو گا۔

نگران وزیراعظم نے کہا کہ نگران حکومت کے تمام فیصلوں اور پالیسی سازی میں ملکی مفاد کو ہمیشہ اولین ترجیح دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں پاکستان کے ترقی و استحکام کے لئے مل کر کام کرنا ہے۔وفاقی کابینہ نے مختلف اداروں کی تنظیم نو، بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ اور کاروبار کو سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے نگران حکومت کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔کابینہ سیکرٹری نے وفاقی بیوروکریسی کی جانب سے وزیراعظم کی مدبرانہ قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملک کو درپیش اہم چیلنجز میں آپ کی طرف سے ملکی مفاد میں اہم مشکل فیصلے لئے گئے جن کے دوررس نتائج نکلیں گے۔

وفاقی کابینہ نے وزارتِ خزانہ کی سفارش پر لبنیٰ فاروق ملک کی ڈیپوٹیشن بطور ڈائریکٹر جنرل، فنانشل مانیٹرنگ یونٹ (ایف ایم یو) کی مدت میں 9 جون 2023سے 8 جون 2024 تک توسیع دینے کی منظوری دے دی۔ وفاقی کابینہ نے وزارت خارجہ کی سفارش پر چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر کو پاکستان اور ترکیہ کی مسلح افواج کے مابین تعاون کے حوالے سے ان کی خدمات کے اعزاز میں حکومت ترکیہ کی جانب سے ”ٹرکش آرمڈ فورسز لیجئن آف میرٹ ‘‘ ایوارڈ وصول کرنے کی اجازت دے دی۔

وفاقی کابینہ نے وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق کی سفارش پر وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق ، حکومت پاکستان اور خلیفہ انٹرنیشنل ایوارڈ فار ڈیٹ پام اینڈ ایگریکلچر انوویشن ، متحدہ عرب امارات کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی منظوری دے دی، اس مفاہمتی یادداشت کے تحت پہلا پاکستان انٹرنیشنل ڈیٹ پام فیسٹیول ستمبر 2024 میں منعقد کیا جائے گا جس کا مقصد پاکستان میں کھجور کی پیداوار کا فروغ ہے۔ وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے13 اور 14 فروری 2024 کو منعقد ہونے والے اجلاسوں میں کئے گئے فیصلوں کی توثیق کی۔

وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے حکومتی ملکیتی ادارہ جات16 فروری 2024 کو منعقد ہونے والے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں اور کابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹو کیسز کے 16 فروری 2024 کو منعقد ہونے والے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کی بھی توثیق کردی۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button