ٹاپ نیوز

نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی کراچی الیکٹرک کو درپیش مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت

نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے کراچی الیکٹرک کو درپیش مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نگران حکومت نے اپنی قلیل مدت میں معاشی استحکام کیلئے بڑے دیرینہ مسائل حل کئے، ملک میں بیرونی سرمایہ کاری کیلئے بین الاقوامی سرمایہ کاروں اور کاروباری برادری کو تمام سہولیات مہیا اولین ترجیح رہی ہے۔

جمعہ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے ان خیالات کا اظہار کراچی الیکٹرک کے مختلف امور سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں وفاقی وزیرِ توانائی محمد علی، متعلقہ اعلیٰ حکام اور کے الیکٹرک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے شرکت کی۔

کراچی الیکٹرک کے وفد نے وزیر اعظم اور ان کی ٹیم کا کراچی الیکٹرک کے دیرینہ مسائل حل کرنے پر اظہار تشکر کیا۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ کراچی الیکٹرک کو درپیش باقی ماندہ مسائل کا بھی ترجیحی بنیادوں پر حل نکالا جائے۔ انہوں نے کہا کہ نگران حکومت نے اپنی قلیل مدت میں ملک کو معاشی استحکام کی جانب گامزن کرنے کیلئے بڑے دیرینہ مسائل حل کئے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں بیرونی سرمایہ کاری کیلئے بین الاقوامی سرمایہ کاروں اور کاروباری برادری کو تمام سہولتیں مہیا کرنا حکومت کی اولین ترجیح رہی ہے، حکومت نے اس بنیادی اصول پر عمل پیرا ہو کر مثبت نتائج حاصل کئے، نگران حکومت آخری دن تک ملکی معیشت کو درپیش مسائل کے حل کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔

وزیرِاعظم نے گزشتہ روز نیشنل ٹرانسمیشن و ڈسٹری بیوشن کمپنی (این ٹی ڈی سی ) اور کراچی الیکٹرک (کے۔ای) کے مابین انٹرکنکشن معاہدے پر دستخط کو خوش آئند قرار دیا۔ کراچی الیکٹرک کے سی ای او نے حکومت کی جانب سے کمپنی کو درپیش مسائل کے ترجیحی بنیادوں پر حل پر نگران وزیرِ اعظم اور حکومتی اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ باقی ماندہ مسائل کا بھی جلد حل کرکے حکومت کراچی کے رہائشیوں کو بجلی کی بلاتعطل فراہمی کی راہ میں حائل تمام رکاوٹیں ختم کرنے کیلئے کوشاں ہے۔ اجلاس کو کراچی الیکٹرک کے مسائل اور ان کے حل کیلئے تجاویز پیش کی گئیں۔ وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ نیپرا اور کراچی الیکٹرک ترجیحی بنیادوں پر مل کر ان مسائل کا حل تلاش کریں اور اس سلسلے میں جلداز جلد رپورٹ پیش کریں۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button