قومی

نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور پاکستان سوسائٹی آف انٹروینشنل کارڈیالوجی کے درمیان امراض قلب سے بچا ئو اور علاج معالجہ کے لئے تعاون کا معاہدہ

امراض قلب کے خطرات سے بچائو اور علاج معالجہ کے لئے نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور پاکستان سوسائٹی آف انٹروینشنل کارڈیالوجی کے درمیان باہمی تعاون کا معاہدہ طے پا گیا۔ترجمان کے مطابق معاہدہ کے تحت نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (این آئی ٹی بی) امراض قلب سے بچائو اور ہارٹ اٹیک کے امراض کے بروقت علاج معالجہ کیلئے آن لائن ڈیٹا کی تیاری اور تحقیق کے لیے پاکستان سوسائٹی آف انٹروینشنل کارڈیالوجی (پی ایس آئی سی) کو ڈیجیٹل اور ٹیکنیکل تعاون فراہم کرے گا

اس حوالے سے بدھ کو مقامی ہوٹل میں معاہدہ پر دستخط کے لیے تقریب منعقد کی گئی۔ تقریب میں نگران وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن ڈاکٹر عمر سیف نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ چیف ایگزیکٹو آفیسر نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ ڈاکٹر بابر ماجد بھٹی، صدر پاکستان سوسائٹی آف انٹروینشنل کارڈیالوجی پروفیسر ڈاکٹر زبیر اکرم، نائب صدر پروفیسر ڈاکٹر نعمان نصیر و دیگر بھی موجود تھے ۔سی ای او نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ ڈاکٹر بابر ماجد بھٹی نے وفاقی وزیر کو اس معاہدے کے خدوخال کے بارے میں بریفننگ دی اور بتایا کہ معاہدے کا مقصد دل کا دورہ پڑنے والے مریضوں کے بروقت اور مناسب علاج و طبی سہولیات کی فراہمی کے سلسلے میں آن لائن ڈیٹا بیس تیار کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دل کے دورے کے مریضوں کی ابتدائی اور ثانوی پیچیدگیوں کی روک تھام کے لیے یہ معاہدہ بہت معاون و مددگار ثابت ہو گا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نگران وفاقی وزیر ڈاکٹر عمر سیف نے این آئی ٹی بی اور پی ایس آئی سی کے اس اقدام کو سراہا اور کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کا استعمال صحت سمیت ہر شعبہ میں ایک بنیادی اہمیت اختیار کر چکا ہے، حکومت آئی ٹی کے فروغ کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ ایک شاندار منصوبہ ہے جس سے قیمتی انسانی زندگیوں کو بچانے میں مدد ملے گی ۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے حکومت ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔

بعد ازاں صدر پی ایس آئی سی پروفیسر ڈاکٹر زبیر اکرم، نائب صدر پروفیسر ڈاکٹر نعمان نصیر اور سی ای او ڈاکٹر بابر مجید بھٹی نے نگران وفاقی وزیر آئی ٹی ڈاکٹر عمر سیف کی موجودگی میں ایم او یو پر دستخط کئے

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button