قومی

پرامن انتخابات کے انعقاد پر سیکورٹی فورسز سمیت تمام انتظامی و ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران اور پولنگ سٹاف مبارکباد کا مستحق ہے ،وزیراعلی میر علی مردان خان ڈومکی

نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نےصوبہ بھر میں عام انتخابات کے جملہ مراحل کی بطریق احسن انجام دہی اور بحالی امن کے لئے خدمات میں موثر معاونت کی فراہمی پر کورکمانڈر 12 کور بلوچستان، آئی جی ایف سی نارتھ اینڈ سائوتھ بلوچستان، چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، آئی جی پولیس، ڈویژنل کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، ڈی آئی جیز ، ایس ایس پیز اور انتخابی ڈیوٹی سرانجام دینے والے تمام پولنگ سٹاف کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے بلوچستان میں امن و امان کی چیلنجنگ صورتحال میں عوام کے جانی و مالی تحفظ کو یقینی بنانے پر اطمینان کا اظہار کیا ہے ۔

وزیراعلی بلوچستان سیکرٹریٹ سے جاری ایک بیان میں انہوں نے پاک فوج اور ایف سی سمیت تمام صوبائی ،ڈویژنل اور ضلعی انتظامی افسران کو الیکشن ڈیوٹی پوری تندہی سے سرانجام دینے پر خراج تحسین پیش کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں پرامن انتخابات کے انعقاد پر سیکورٹی فورسز سمیت تمام انتظامی افسران و ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران اور پولنگ سٹاف مبارکباد کا مستحق ہے ،بلوچستان کے کونے کونے میں عوام ووٹ دینے کے لئے گھروں سے نکلے اور اپنا حق رائے دہی استعمال کیا جس کے باعث مجموعی ٹرن آؤٹ اطمینان بخش رہا ۔

انہوں نے کہا کہ جمہوری تقاضوں کے عین مطابق عوام نے پرامن ماحول میں حق رائے دہی استعمال کرتے ہوئے اپنے پختہ شعور و پسند سے اپنے پارلیمانی نمائندوں کا انتخاب کیا ،انہوں نے کہا کہ نگران حکومت پرامن ور صاف شفاف انتخابات کے انعقاد میں کامیاب رہی ،بعض حلقوں میں قبل از الیکشن نقص امن کے افسوسناک واقعات بھی رونما ہوئے جن میں قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع ہوا جس پر ہمیں دلی افسوس ہے ،

انہوں نے کہا کہ سیکورٹی کے تمام تر چیلنجز سے نبرد آزما ہوتے ہوئے انتخابی عمل مقررہ تاریخ پر ہی ہوا اور پورے بلوچستان میں تمام تر انتخابی مراحل بخیر و عافیت مکمل ہوئے ،انتخابات میں کامیاب ہونے والے تمام امیدواروں کو مبارکباد دیتے ہیں جبکہ انتخابی عمل میں ہار جانے والے امیدواروں سے تحمل و برداشت کی امید کرتے ہوئے توقع کرتے ہیں کہ وہ سیاسی عمل میں عوامی خدمت کے مشن کو جاری رکھتے ہوئے آئندہ کے لئے اپنی سیاسی عوامی خدمت کو مزید بہتر بنائیں تاکہ مستقبل کے انتخابی عمل میں عوام کے اعتماد پر پورا اترسکیں ،

میر علی مردان خان ڈومکی نے کہا کہ بلوچستان کے تمام علاقوں میں انتخابی عمل میں عوام کی بھرپور شرکت عوام کی شعوری آگاہی کا مظہر ہے اور عوام نے صاف شفاف انتخابات کے ذریعے اپنے پارلیمانی نمائندوں کا انتخاب کیا ہے جو ایک خوش آئند بات ہے

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button