کاروباری

اسلام آباد چیمبر کے صدر کی ایف پی سی سی آئی کے صدر سے ملاقات ، بزنس کمیونٹی کے اہم مسائل پر تبادلہ خیال

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عاطف اکرام شیخ سے ملاقات کی اور بزنس کمیونٹی کے اہم مسائل کے حل اور معیشت کی بحالی کے لیے مل جل کر کام کرنے کے امور پر ان کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے احسن بختاوری سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بزنس کمیونٹی معیشت کی ترقی میں سب سے اہم کردار ادا کر رہی ہے اور وہ ایف پی سی سی آئی کے پلیٹ فارم سے ان کے مسائل کے حل اور کاروبار کی ترقی میں انہیں سہولت فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ وہ معاشی چیلنجوں سے نمٹنے، بڑھتی ہوئی مہنگائی کے مسئلے سے نمٹنے، شرح سود کو کو کم کرنے، برآمدات کو بہتر بنانے، زرمبادلہ کے ذخائر کو بڑھانے اور معیشت کی بحالی کے لیے نئی آنے والی حکومت کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ تمام چیمبرز آف کامرس اور ایسوسی ایشنز کو معیشت کے اہم معاملات پر اعتماد میں لے کر چلیں گے تاکہ ملک بھر کی بزنس کمیونٹی کی متفقہ آواز کو حکومتی حکام تک پہنچائیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ ملک میں کاروبار کرنے میں آسانی کے فروغ اور معیشت کو بہتر بنانے کے لیے نو منتخب حکومت کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔

اس موقع پراسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ پاکستان آئی ٹی، فارماسیوٹیکل، ٹیکسٹائل اور دیگر شعبوں کی برآمدات کو بہتر فروغ دینے کی عمدہ صلاحیت رکھتا ہے لہذا ایف پی سی سی آئی حکومت کے ساتھ مل کر برآمدی شعبے کے مسائل کو حل کرنے اور برآمدات کے فروغ کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے پر توجہ دے۔احسن بختاوری نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی ملک کے تمام چیمبرز آف کامرس اور ایسوسی ایشنز کی مشاورت سے بجٹ تجاویز پر کام شروع کرے تاکہ حکومت کو آئندہ بجٹ کے لیے بزنس کمیونٹی کی آرائ پر مبنی تجاویز کی ایک جامع دستاویز پیش کی جا سکے۔

انہوں نے یقین دلایا کہ آئی سی سی آئی ملک میں کاروباری اور اقتصادی سرگرمیوں کو بہتر کرنے کی کوششوں میں ایف پی سی سی آئی کے ساتھ مکمل تعاون کرے گا۔چیمبر کے سینئر نائب صدر فاد وحید نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ عاطف اکرام شیخ حکومت اور نجی شعبے کے درمیان ایک پل کر کردار ادا کریں گے اور نجی شعبے کیلئے سازگار ماحول کے قیام کیلئے بھرپور کردار ادا کریں گے۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button