قومی

بروقت انصاف کی فراہمی میں محتسب کی رسائی کو ملک کے دور دراز علاقوں تک بڑھایا جائے،صدر عارف علوی

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے تیز تر انصاف کی فراہمی میں محتسب کے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے اس کی رسائی کو ملک کے دور دراز علاقوں تک بڑھانے اور اس مقصد کے لئے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

صدر مملکت نے بدھ کو وفاقی محتسب کے دفتر کا دورہ کیا۔ اس موقع پر وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی نے صدر مملکت کو محتسب کے کردار اور کارکردگی پر بریفنگ دی۔ ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق صدر مملکت کو بتایا گیا کہ محتسب نےسال 2023 میں 193,028 شکایات کا ازالہ کیا جبکہ متاثرین کو 4.898 ارب روپے کا ریلیف فراہم کیا۔ وفاقی محتسب نے 2023 کے دوران ریکارڈ 194,099 شکایات پر کارروائی کی، شکایات پر کاروائی میں 18 فیصد کا اضافہ ہوا، 2022 کے مقابلے میں شکایات کے ازالے میں 22 فیصد اضافہ ہوا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ محتسب کی سفارشات پر 18 ہزار سٹریٹ چلڈرن کا اسلام آباد کے سکولوں میں اندراج ہوا، محتسب کے 85.4 فیصد فیصلوں پر گزشتہ سال عملدرآمد ہوا جبکہ اس شرح کو مزید بہتر بنانے کی کوششیں جاری ہیں۔ علاوہ ازیں محتسب میں ٹیکنالوجی کے زیادہ استعمال سے لوگوں کی رسائی میں اضافہ ہوا، 2023 میں 48,190 شکایات آن لائن رجسٹر ہوئیں جن میں 47 فیصد اضافہ ہوا۔ 2023 میں محتسب کی موبائل ایپ سے 22,321 شکایات موصول ہوئیں جو 21 فیصد اضافہ کو ظاہر کرتا ہے۔

مزید برآں سرکاری اداروں کے خلاف لوگوں کی شکایات کے ازالے کے لیے کھلی کچہریاں منعقد کی گئیں اور محتسب کی ٹیموں نے دورے کیے۔ بریفنگ کے مطابق تنازعات کے غیر رسمی حل کے ذریعے 2,113 معاملات کو نمٹا یا گیا، اوورسیز پاکستانیوں کی سہولت اور شکایات کے حل کیلئے بھی اقدامات اٹھائے گئے۔ محتسب کی جانب سے شروع کی گئی آگاہی مہم سے محتسب تک رسائی میں اضافہ ہوا ہے۔

اجلاس میں صدر مملکت نے تیز تر انصاف کی فراہمی میں محتسب کے کردار کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی محتسب گڈ گورننس کو فروغ دینے اور لوگوں کو مفت انصاف فراہم کرنے میں مدد فراہم کررہا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ بروقت انصاف کی فراہمی میں محتسب کے کردار کے بارے میں لوگوں میں شعور مزید بڑھانے کی ضرورت ہے ، صدر مملکت نے محتسب کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے محتسب کی رسائی کو ملک کے دور دراز علاقوں تک بڑھانے اور جدید ٹیکنالوجی سے محتسب تک لوگوں کی رسائی بہتر بنانے پر زور دیا۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button