قومی

بابا کا فن امر اور لازوال ہے، علی بابا کی تحریروں کو انگریزی، اردو اور دیگر زبانوں میں ترجمہ کرنے کی ضرورت ہے، مرتضیٰ سولنگی

نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی کا ”علی بابا کی شخصیت اور فن“ پر لکھی گئی کتاب کی تقریب رونمائی سے خطاب

نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ سندھ کے مشہور و معروف ڈرامہ نویس، ناول نگار اور افسانہ نگار علی بابا کا فن امر اور لازوال ہے، علی بابا کی تحریروں میں وجودیت اور ذات کی گہرائی نظر آتی ہے، علی بابا نے موہنجو دڑو پر شاندار ناول تحریر کیا، ان کی تحریروں کا اردو سمیت دیگر زبانوں میں ترجمہ کرنے کی ضرورت ہے۔

یہ بات انہوں نے بدھ کو یہاں اکادمی ادبیات پاکستان میں وفاقی وزیر تعلیم مدد علی سندھی کی تحریر کردہ کتاب ”علی بابا کی شخصیت اور فن“ کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ مدد علی سندھی نے علی بابا اور ان کی زندگی پر بہت شاندار کتاب تحریر کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ علی بابا فقیر اور درویش انسان تھے جو کوٹری میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ ایک مضبوط ثقافت اور تہذیب کی حامل سرزمین ہے، اس کا اپنا ایک مزاج ہے۔

انہوں نے کہا کہ علی بابا کی شخصیت کے بارے میں کتاب کے اندر کافی تفصیل موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ علی بابا جتنے بڑے لکھاری تھے اتنا ہی وہ اپنی عظمت سے غافل تھے، انہوں نے اپنی ذاتی زندگی اور تحریروں میں اپنی عظمت کی بار بار نفی کرنے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ علی بابا کی تحریروں اور افسانوں میں وجودیت اور ذات کی گہرائی نظر آتی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ علی بابا نے موہنجو دڑو پر شاندار ناول تحریر کیا، ان کی تحریروں کا انگریزی سمیت پاکستان میں اردو اور دیگر زبانوں میں ترجمہ کرنے کی ضرورت ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ علی بابا کا ڈرامہ ”ڈنگئی منجھ دریا (دریا میں تیرتی کشتی) نے میونخ میں ہونے والے سالانہ ڈرامہ فیسٹیول میں بہترین ڈرامہ کا ایوارڈ جیتا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ علی بابا نے بہت مشکل حالات میں اپنی زندگی بسر کی لیکن اپنی عزت نفس کو کبھی قربان نہیں کیا۔

انہوں نے علی بابا کی تحریروں کو پڑھنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ علی بابا کا فن امر اور لازوال ہے، علی بابا آج بھی ہمارے ساتھ اپنے فن کی صورت میں موجود ہیں۔ انہوں نے وفاقی وزیر مدد علی سندھی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے علی بابا کی زندگی پر ایک بہترین کتاب تحریر کی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ہماری کوشش ہوگی کہ موجودہ ڈیجیٹل دور میں علی بابا کی تحریروں کو نئی شکل دے کر پیش کیا جائے۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button