قومی

پاکستان دنیا کی پانچویں بڑی جمہوریت ہے، انتخابی عمل کے مشاہدے کیلئے 92 غیر ملکی مبصرین کو ویزے جاری کئے، پرامن انتخابات کا انعقاد یقینی بنائیں گے، نگراں وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی کی غیر ملکی مبصرین اور میڈیا کو بریفنگ

نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ پاکستان دنیا کی پانچویں بڑی جمہوریت ہے، انتخابی عمل کے مشاہدے کے لئے مختلف ممالک کے 92 غیر ملکی مبصرین کو ویزے جاری کئے، انتخابات کے پرامن انعقاد کو یقینی بنائیں گے، ملک میں عدلیہ اور میڈیا آزاد ہیں، ہر ایک کو اظہار رائے اور تنقید کا حق حاصل ہے، انتخابات کے لئے وافر وسائل موجود ہیں، انتخابات میں 12 کروڑ عوام اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو یہاں وزارت داخلہ، وزارت خارجہ، وزارت اطلاعات اور الیکشن کمیشن کے نمائندوں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ انتخابات کے انعقاد میں صرف چار روز باقی رہ گئے ہیں، پاکستان میں پہلے بالغ رائے دہی کے انتخابات 53 سال قبل دسمبر 1970ءمیں ہوئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کی پانچویں بڑی جمہوریت ہے جو انتخابات کے اہم مرحلے سے گذر رہی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ انتخابات کے لئے سیکورٹی کے بہترین انتظامات کئے گئے ہیں، پولنگ اسٹیشنوں پر تھری ٹیئر سسٹم کے تحت سیکورٹی فراہم کی گئی ہے، پہلے حصے میں پولیس، دوسرے میں رینجرز اور ایف سی سیکورٹی کے فرائض انجام دیں گے جبکہ سیکورٹی کی تیسری ٹیئر پاکستان آرمی کے پاس ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ چاروں صوبائی اسمبلیوں پنجاب، سندھ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے علاوہ قومی اسمبلی کیلئے انتخابات منعقد ہو رہے ہیں اور حکومت 8 فروری کو پرامن اور شفاف انتخابات کو یقینی بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کے حوالے سے بہت سی قیاس آرائیاں کی جاتی رہیں لیکن ہم مستقل مزاجی سے کہتے رہے کہ انتخابات الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے مقرر کردہ تاریخ پر ہوں گے۔

صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان میں عدلیہ اور میڈیا آزاد ہیں، ہر ایک کو تنقید کا حق حاصل ہے، عدالتی فیصلوں پر تبصرہ نہیں کر سکتے، ہم نگران حکومت کی نمائندگی کرتے ہیں جو آئین اور قانون کے تحت وجود میں آئی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ووٹرز کی مجموعی تعداد 12 کروڑ 85 لاکھ 85 ہزار 760 ہے جن میں 6 کروڑ 92 لاکھ 63 ہزار 704 مرد اور 5 کروڑ 93 لاکھ 22 ہزار 56 خواتین ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان میں 2008ءاور 2013ءکے انتخابات میں بھی سیکورٹی کے خطرات تھے، پاکستان دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں کر رہا ہے، ہماری سیکورٹی فورسز انتخابات کے لئے مکمل طور پر تیار ہیں اور ہم اس امر کو یقینی بنائیں گے کہ انتخابات پرامن ماحول میں منعقد ہوں۔

ایک اور سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ نگران حکومت نے ایس آئی ایف سی کے تحت معاشی معاہدے کئے، ایس آئی ایف سی کے تحت سرمایہ کاروں کو راغب کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب نگران کابینہ نے حلف اٹھایا تو انٹربینک میں ڈالر کی قدر 296 روپے تھی جبکہ اوپن مارکیٹ میں 350 سے 400 روپے کے درمیان ڈالر فروخت ہو رہا تھا اور یہ قیاس کیا جا رہا تھا کہ ڈالر کی قدر 500 تک پہنچ جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ نگران حکومت نے معیشت کی بہتری کے لئے موثر اقدامات اٹھائے اور ڈالر کی قدر پر قابو پایا۔

ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ 92 غیر ملکی مبصرین کو ویزے جاری کئے گئے جن میں روس، جاپان، جنوبی افریقہ، زمبابوے، نیدر لینڈ، ملائیشیا، ہنگری، سویڈن، آذربائیجان، جرمنی سمیت دیگر ممالک کے مبصرین شامل ہیں۔ پی ٹی آئی سے متعلق ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پی ٹی آئی کے الزامات بے بنیاد ہیں، جو لوگ گرفتار ہوئے ان میں سے کچھ 9 مئی کے واقعات اور کچھ دیگر مقدمات میں ملوث ہیں لہذا پی ٹی آئی کے ان الزامات کی کوئی بنیاد نہیں تاہم وہ اپنے تحفظات کے اظہار کے لئے آزاد ہیں، میڈیا بھی موجود ہے اور ان کے پاس عدلیہ سمیت دیگر قانونی راستے بھی موجود ہیں۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button