ٹاپ نیوزقومی

پاکستان میں سیاحت کا فروغ پاک امریکا عوامی روابط کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے،پاکستانی سفیر مسعود خان

امریکا میں پاکستان کے سفیر مسعود خان نے کہا کہ پاکستان میں سیاحت کا فروغ پاکستان اور امریکا کے درمیان عوامی روابط کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے، نیویارک میں منعقدہ ٹریول اینڈ ایڈونچر شو 2024 کے دوران پاکستان کے قدرتی حسن، ثقافت اور تاریخ کے حامل پاکستان پویلین نے بین الاقوامی برادری کو متاثر کیا ہے ،اس سے نہ صرف سیاحت کی صنعت بلکہ ملک کا بہتر امیج اجاگر کرنے میں مدد ملے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی گلگت بلتستان راجہ ناصر علی خان مقپون سے واشنگٹن میں پاکستانی سفارت خانہ میں ملاقات کے دوران کیا۔پاکستانی سفیرنے وزیر منصوبہ بندی گلگت بلتستان کو کامیاب شو کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی جو ملکی سیاحت کی استعداد کو مزید اجاگر کرے گا۔

وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی گلگت بلتستان نے ملکی سیاحتی صلاحیت کو بین الاقوامی پلیٹ فارم پر کامیابی سے اجاگر کرنے کے حوالے سے نیویارک میں پاکستانی قونصلیٹ اور واشنگٹن میں پاکستانی سفارت خانہ کی جانب سے بھرپور تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے پاکستان کی سیاحت میں امریکی شہریوں کی دلچسپی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان میں آنے والے غیر ملکیوں سیاحوں میں امریکی شہری دوسرے نمبر پر ہیں جو گلگت بلتستان میں مختلف قسم کی سیاحت بشمول ماحولیاتی سیاحت، ایڈونچر ٹورازم اور دیگر کے لیے آتے ہیں۔

انہوں نے پاکستانی سفیر کو انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے اور سیاحوں کی سہولت کاری کے لیے کئے جانے والے مختلف اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے گلگت بلتستان کے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو ایک پیداواری انسانی سرمائے میں تبدیل کرنے کے لیے کیے جانے والے مختلف اقدامات بارے بھی پاکستانی سفیر کو آگاہ کیا۔اس ضمن میں وزیرمنصوبہ بندی نے بتایا کہ گلگت بلتستان حکومت نوجوانوں کے لیے آئی ٹی پارکس، انکیوبیشن سینٹرز کے قیام، ووکیشنل انسٹی ٹیوٹ اور موسم سرما میں ہونے والے کھیلوں پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ لڑکیوں کی تعلیم اور انہیں کھیلوں کی سہولیات کی فراہمی پر بھی توجہ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 52 آئس ہاکی ٹیموں میں سے 12 ٹیمیں خواتین کی ہیں۔وزیر منصوبہ بندی جی بی نے کہا کہ گلگت بلتستان حکومت یو ایس ایڈ اور روپانی فاؤنڈیشن کے تعاون سے رواں سال مئی میں انویسٹ ان پاکستان کانفرنس۔2 کا انعقاد کرے گی تاکہ سرمایہ کاروں بالخصوص پاک امریکی کمیونٹی کو سیاحت، مہمان نوازی، ٹیک سیکٹر، معدنیات، قابل تجدید توانائی، صحت، تعلیم اور پینے کے صاف پانی سمیت مختلف شعبہ جات میں سرمایہ کاری کی ترغیب دی جا سکے۔

پاکستانی سفیر نے گلگت بلتستان میں تعلیم کے شعبے کے لیے بین الاقوامی تعاون خاص طور پر ڈیانا میک آرتھر کے کردار اور خدمات کو اجاگر کیا جنہوں نے گلگت بلتستان (جی بی) کی وادی ہنزہ کے گاؤں مرتضیٰ آباد میں سنٹر فار ایجوکیشنل ایکسی لینس کے قیام میں اہم کردار ادا کیا۔وزیر منصوبہ بندی گلگت بلتستان نے ڈیانا میک آرتھر سے ٹیلی فون پر بات کی اور گلگت بلتستان میں تعلیم کے فروغ کے لیے ان کی گراں قدر خدمات کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے علاقے میں ایسے ہی ایک اور مرکز کے قیام کی تجویز بھی پیش کی جس کے لیے انہوں نے ہر ممکن تعاون کی پیشکش کی۔ پاکستانی سفیر نے تعلیم کے شعبے میں امریکی حکومت، سول سوسائٹی، مخیر حضرات اور پاکستانی نژاد امریکی شہریوں کی حمایت کو سراہتے ہوئے کہا کہ تعلیم کے شعبے میں تعاون پاکستان اور امریکا کے درمیان مضبوط تعلقات کا اہم جزو ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان حکومت نوجوانوں کو امریکامیں تعلیم حاصل کرنے کے زیادہ مواقع فراہم کرنے، انہیں اپنی صلاحیتیں برئوے کار لانے اور ان کو معاشرے کا ایک بیش قیمت اثاثہ بنانے کے حوالے سے امریکی تعاون کو سراہتی ہے۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button