کاروباری

پاکستان فرنیچر کونسل ویتنام میں ہونے والے تین روزہ بین الاقوامی تجارتی میلے میں شرکت کرے گی، میاں کاشف اشفاق

پاکستان فرنیچر کونسل ویتنام میں 28 فروری سے شروع ہونے والے تین روزہ بین الاقوامی تجارتی میلے میں شرکت کرے گی۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر پی ایف سی میاں کاشف اشفاق نے اتوار کو یہاں محمد اریب کی سربراہی میں فرنیچر مینوفیکچررز کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ایف سی چن ون کے ساتھ اس بین الاقوامی میگا ایونٹ میں شرکت کے لیے ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے ساتھ رابطے میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس تجارتی میلے میں ہزاروں افراد شرکت کرتے ہیں اور دنیا بھر سے بڑے مینوفیکچررز یہاں اپنی مصنوعات کی نمائش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ایف سی بھی عالمی مارکیٹ میں اپنی موجودگی کو برقرار رکھنے کیلئے اپنی اعلی اور بین الاقوامی معیار کی مصنوعات کی نمائش کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ میلہ پیشہ ور خریداروں کو ایک سورسنگ پلیٹ فارم بھی فراہم کرتا ہے جس میں بنیادی اشیا سے لے کر انتہائی تخلیقی اور معیاری مصنوعات کی وسیع اقسام شامل ہوتی ہے۔ میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ پی ایف سی اور چن ون پہلے بھی امریکہ، چین، اٹلی، ترکی، سری لنکا میں کئی دیگر بین الاقوامی میلوں میں شرکت کر چکے ہیں اور وہاں اپنی مصنوعات متعارف کروائی ہیں جن کی اب بہت زیادہ مانگ ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس نمائش میں شرکت کے نتیجے میں غیر ملکی خریداروں سے آرڈر ملیں گے۔ انہوں نے کہا کہ غیر ملکی میلوں میں شرکت کا بنیادی مقصد قومی معیشت کو مضبوط بنانا ہے اور ٹی ڈیپ برآمدی مصنوعات تیار کرنے والوں کو اس ضمن میں سہولیات فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ سرمایہ کاروں کے ساتھ میراتھن میٹنگز بھی منعقد کریں گے تاکہ انہیں غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے حکومت کے بے مثال خصوصی پیکج سے فائدہ اٹھانے کے لیے راغب کیا جا سکے۔ ان ملاقاتوں میں وہ پیکج کی نمایاں خصوصیات کو بھی اجاگر کریں گے اور انہیں مستحکم اور محفوظ پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیں گے۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button