قومی

مالی خود مختاری اور تعلیم سے خصوصی افراد ملک کی معیشت میں اہم کردار ادا سکتے ہیں،صدر عارف علوی کا حامل معذوری افراد کی مالی شمولیت پر اجلاس سے اظہار خیال

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ مالی خود مختاری اور تعلیم سے خصوصی افراد ملک کی معیشت میں اہم کردار ادا سکتے ہیں،بینکوں کو فراڈ ٹرانزیکشن کا پتا لگانے کیلئے اپنے مانیٹرنگ سسٹم پر مزید کام کرنے کی ضرورت ہے۔

ایوان صدر پریس ونگ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی زیرِ صدارت حامل معذوری افراد کی مالی شمولیت پر بینکوں کے سی ای اوز/صدور کااجلاس ہفتہ کو یہاں منعقد ہوا۔اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ خصوصی افراد کی مالی شمولیت سے معاشرے کی سماجی و اقتصادی ترقی پر مثبت اثر پڑے گا،گزشتہ دو سالوں کے دوران حامل معذوری افراد کیلئے بینکنگ انڈسٹری کی کوششیں قابل تعریف ہیں۔

صدر مملکت نے کہا کہ خصوصی افراد سے متعلق بینکنگ شعبے کی پالیسی کو دیگر شعبوں میں بھی نقل کیا جا سکتا ہے،مائیکرو فنانسنگ بینکوں کے سی ای اوز پاکستان میں مائیکرو فنانسنگ کی سہولیات سے متعلق مسائل اور چیلنجز کے اعدادوشمار پر غور کریں۔

صدر مملکت نے کہا کہ بینکنگ سیکٹر مائیکرو فنانسنگ سہولیات حاصل کرنے کیلئے خواتین اور خصوصی افراد کی حوصلہ افزائی کر سکتا ہے،مالی خود مختاری اور تعلیم سے خصوصی افراد ملک کی معیشت میں اہم کردار ادا سکتے ہیں۔صدر مملکت نے اجلاس میں بینکنگ شعبے میں فراڈ کے واقعات پر اظہارِ تشویش کرتے ہوئے کہاکہ بینکوں کو فراڈ ٹرانزیکشن کا پتا لگانے کیلئے اپنے مانیٹرنگ سسٹم پر مزید کام کرنے کی ضرورت ہے،بینکنگ سیکٹر میں فراڈ سے نمٹنے کے لیے اسٹیٹ بینک کی ہدایات کے مطابق الرٹ سسٹم کو مزید تقویت دینا ہوگی،بینک خواتین ملازمین کو اپنے کیریئر کو آگے بڑھانے، اپنے خاندان کیلئے بہتر طرز زندگی کے حصول میں مدد کریں۔

گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے اجلاس میں مالیاتی شمولیت پر اسٹیٹ بینک کے پالیسی فریم ورک کے بارے میں بتایا۔انہوں نے آگاہ کیا کہ جون 2021 سے، اسٹیٹ بینک تمام کمرشل اور مائیکرو فنانسنگ بینکوں کے ساتھ رابطے میں ہے ، خصوصی افراد کی مالی شمولیت سے متعلق ہدایات جاری کر رہا ہے۔

گورنر اسٹیٹ بینک نے صدر عارف علوی کا خصوصی افراد کی مالی شمولیت میں سہولت فراہم کرنے پر مسلسل تعاون اور رہنمائی پر شکریہ ادا کیا۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو اسٹیٹ بینک کی جانب سے خصوصی افراد کی مالی شمولیت پر بھی بریفنگ دی گئی۔

جس میں بتایا گیا کہ پاکستان کے 108 اضلاع میں خصوصی افراد کے لیے 387 ماڈل برانچیں قائم کی گئی ہیں۔ خصوصی افراد کو اسلامک فنانس، آڈٹ، برانچ آپریشنز وغیرہ میں انٹرن شپس دی جارہی ہیں،400 خصوصی افراد انٹرنشپ پروگراموں میں شرکت کر چکے ہیں جن میں خواتین کی شرکت 22 فیصد تھی۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button