کاروباری

توانائی کے شعبہ میں سعودی سرمایہ کاری سے توانائی سے متعلقہ مسائل کو تیزی سے حل کیا جا سکے گا،صدر فیصل آباد چیمبر آف کامرس

پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ معاشی استحکام ہے اور اس مقصد کیلئے سستی اور وافر مقدار میں توانائی کی فراہمی کو یقینی بنانا ہوگا۔ یہ بات فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے قائم مقام صدر ڈاکٹر سجاد ارشد نے سعودی عرب کی طرف سے توانائی کے شعبہ میں سرمایہ کاری کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ اس سے توانائی سے متعلقہ مسائل کو تیزی سے حل جبکہ تقسیمی اور ترسیلی نظام میں بہتری لا کے بجلی کے نرخوں کو بھی کم کیا جا سکے گا جس سے قومی سطح پر مہنگائی پر قابو پانے میں بھی مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کو بجلی کے ضیاع کو روکنے کیلئے بھی فوری اقدامات اٹھانے ہوں گے تاکہ بھاری بلوں سے پریشان لوگوں کو فوری ریلیف دیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ فلامنٹ بلب کے بعد انرجی سیور اور اب ایل ای ڈی کے ذریعے بجلی کے استعمال میں کمی ہوئی ہے جبکہ اس سلسلہ میں بجلی کے دیگر آلات میں بھی کمی کیلئے انورٹر ٹیکنالوجی کو رواج دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو زیادہ بجلی استعمال کرنے والے تمام آلات پر پابندی عائد کرنا ہو گی تاکہ اس شعبہ سے وابستہ افراد صرف ایسی مصنوعات تیار کر سکیں جو کم بجلی سے مطلوبہ فوائد دے سکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بجلی چوری روکنے کیلئے بھی اقدامات ضروری ہیں اور اس سلسلہ میں تقسیم کار کمپنیوں کیلئے صوبائی سطح پر الگ انتظامات کرنے ہوں گے تاکہ گردشی قرضوں میں اضافے کی روک تھام کے علاوہ بجلی چوری کی بھی روک تھام کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے کراس سبسڈی کو بھی روکا جا سکے گا تاہم اس سلسلہ میں تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری پر بھی توجہ دینا ہو گی۔ انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ8 فروری کے عام انتخابات کے نتیجہ میں وجود میں آنیوالی نئی منتخب حکومت بجلی کے شعبہ میں جامع اصلاحات کیلئے فوری اقدامات اٹھائے گی تاکہ لوگوں کو جلد از جلد اور زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا جا سکے۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button