ٹاپ نیوز

وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے یورپی یونین مانیٹرنگ مشن کی ملاقات، مضبوط تجارتی شراکت داری کے عزم کا اعادہ

وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے یورپی یونین کمیشن کے مانیٹرنگ مشن نے جمعہ کو وزارت تجارت میں ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور یورپی یونین نے مضبوط تجارتی شراکت داری کے عزم کا اعادہ کیا۔ مشن کی قیادت سرجیو بلیبریا نے کی جبکہ ان کے ہمراہ یورپی یونین کے سفیر ریمونڈس کاروبلس بھی تھے۔

اس موقع پر وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا کہ یورپی یونین پاکستان کی سب سے بڑی برآمدی منڈی ہے،جی ایس پی پلس نے تجارت، روزگار، خواتین بااختیاری اور پائیدار ترقی کو مضبوط کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان 27 بین الاقوامی کنونشنز پر عملدرآمد کے لیے پُرعزم ہے، پانچویں دو سالہ جائزہ میں پاکستان کی پیش رفت کو تسلیم کیے جانے کی امید ہے۔

وزیر تجارت نے مشن سے نئے جی ایس پی پلس فریم ورک میں ضرورت سے زائد شرائط نہ لگانے کی درخواست بھی کی ۔ یورپی یونین کی جانب سے ایتھنول پر جی ایس پی مراعات واپس لینے پر وزیر تجارت نے تشویش کا اظہار کیا۔

جام کمال نے کہا کہ فیصلے سے کسانوں کا روزگار متاثر ہوا ہے ۔ جام کمال نے مشن سے سندھی اجرک، گلابی نمک اور آم کو بھی جی آئی تحفظ دینے کی سفارش کی۔ ملاقات میں پاکستان اور یورپی یونین نے مستحکم جی ایس پی پلس شراکت داری جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button