سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے بیکن ہائوس سکول سسٹم واہ کینٹ اور عسکری سکول و کالج سسٹم مانسہرہ کے فیکلٹی ممبران اور طلبہ کی ملاقات

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے پارلیمنٹ ہائوس کا دورہ کرنے والے بیکن ہائوس سکول سسٹم واہ کینٹ اور عسکری سکول و کالج سسٹم مانسہرہ کے فیکلٹی ممبران اور طلبہ کے وفد نے پارلیمنٹ ہائوس میں ملاقات کی۔ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پارلیمنٹ ہائوس آمد پر طلبہ کو خوش آمدید کہا۔
سپیکر قومی اسمبلی نے پارلیمان کی کارروائی میں طلبہ کی دلچسپی کو سراہا۔ملاقات کے دوران طلبہ کے وفد نے پارلیمنٹ کے کام، قانون سازی کے طریقہ کار اور جمہوری اداروں کے کردار کے حوالے سے سوالات پوچھے۔ سپیکر قومی اسمبلی نے طلبہ کو پارلیمانی امور، عوامی نمائندگی اور قانون سازی کے حوالے سے آگاہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں اور ان کی تعلیم، رہنمائی اور قومی شعور کی بیداری ملک کی ترقی کے لیے انتہائی اہم ہے۔انہوں نے نوجوان نسل کو پارلیمانی روایات، آئینی ذمہ داریوں اور جمہوری اقدار سے روشناس کرانے کی ضرورت پر زور دیا۔ سپیکر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پارلیمنٹ نوجوانوں کے لیے آگاہی پروگرامز اور تعلیمی دوروں کے دروازے ہمیشہ کھلے رکھے گی تاکہ وہ براہِ راست جمہوری عمل کا مشاہدہ کرسکیں۔
وفد نے پارلیمنٹ ہائوس کے دورے کا اہتمام کرنے پر سپیکر قومی اسمبلی کا شکریہ ادا کیا اور پارلیمانی ماحول سے روشناس ہونے پر خوشی کا اظہار کیا۔ سپیکر نے طلبہ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ مستقبل میں پاکستان کے مضبوط، ذمہ دار اور بااعتماد شہری ثابت ہوں گے۔



