قومی

پاکستان کا بھارت میں بڑھتے ہوئے اسلاموفوبیا اور ثقافتی ورثے کی بے حرمتی کے واقعات پر تشویش کا اظہار

پاکستان نے بھارت میں بڑھتے ہوئے اسلاموفوبیا اور ثقافتی ورثے کی بے حرمتی کے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری کی توجہ مبذول کرائی ہے،ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے منگل کو جاری بیان کے مطابق پاکستان نے ایودھیا میں تاریخی بابری مسجد کی جگہ پر تعمیر کردہ نام نہاد "رام مندر” پر پرچم کشائی پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ بابری مسجد، جو صدیوں پرانی عبادت گاہ تھی، کو 6 دسمبر 1992ء کو فاشسٹ نظریات پر یقین رکھتے والے انتہا پسند مظاہرین نے مسمار کر دیا تھا۔

بھارت میں اس کے بعد عدالتی کارروائی میں ذمہ داروں کو بری کر دیا اور مسمار شدہ مسجد کی جگہ پر مندر کی تعمیر کی اجازت دے دی جو بھارتی سرکار کے اقلیتوں کے ساتھ امتیازی سلوک کے رویے کا واضح ثبوت ہے یہ بھارت میں مذہبی اقلیتوں پر بڑھتے ہوئے دباؤ اور اکثریتی ہندوتوا نظریے کے تحت مسلم ثقافتی و مذہبی ورثے کو مسخ کرنے کی جان بوجھ کر کئے جانے والے اقدامات کی ایک واضح مثال ہے۔

متعدد دیگر تاریخی مساجد کو اب بے حرمتی یا انہدام کے اسی طرح کے خطرات لاحق ہیں، جبکہ بھارتی مسلمان سماجی، معاشی اور سیاسی طور پر پسماندگی کا شکار ہوتے جا رہے ہیں۔پاکستان عالمی برادری پر زور دیتا ہے کہ وہ بھارت میں بڑھتے ہوئے اسلاموفوبیا، نفرت انگیز تقاریر اور نفرت پر مبنی حملوں کی طرف توجہ دے۔

اقوام متحدہ اور متعلقہ بین الاقوامی اداروں کو اسلامی ورثے کے تحفظ اور تمام اقلیتوں کے مذہبی و ثقافتی حقوق کی ضمانت میں تعمیری کردار ادا کرنا چاہیے۔ پاکستان، بھارتی حکومت پر زور دیتا ہے کہ وہ مسلمانوں سمیت تمام مذہبی برادریوں اور ان کی عبادت گاہوں کی سلامتی اور تحفظ کو یقینی بنا کر بین الاقوامی انسانی حقوق سے متعلق اپنی ذمہ داریاں پوری کرے ۔

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button