حکومتِ پاکستان خواتین اور لڑکیوں کے خلاف ہر قسم کے صنفی تشدد کے خاتمے کے لیے اپنے مضبوط اور غیرمتزلزل عزم کا اعادہ کرتی ہے، وفاقی وزیرِ انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کا پیغام

وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ خواتین ک خلاف صنفی تشدد کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر اور 16 روزہ تحریک کے آغاز پر، حکومتِ پاکستان خواتین اور لڑکیوں کے خلاف ہر قسم کے صنفی تشدد کے خاتمے کے لیے اپنے مضبوط اور غیرمتزلزل عزم کا اعادہ کرتی ہے۔ صنفی تشدد ایک سنگین مسئلہ ہے جو خواتین کی عزتِ نفس، مساوی حقوق اور باوقار و مؤثر سماجی شرکت میں رکاوٹ بنتا ہے۔
اس کے تدارک کے لیے قومی سطح پر مسلسل توجہ اور تمام متعلقہ اداروں، کمیونٹیز اور شعبہ جات کا مشترکہ کردار ناگزیر ہے۔ منگل کو خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر جاری پیغام میں وفاقی وزیر سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ ڈیجیٹل دور میں یہ ذمہ داری صرف روایتی سماجی ماحول تک محدود نہیں رہی۔ آن لائن ہراسانی اور ڈیجیٹل بدسلوکی بھی خواتین کی سماجی، معاشی اور عوامی زندگی میں محفوظ و بااعتماد شرکت کی راہ میں ایک سنجیدہ رکاوٹ ہے۔
خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لیے ایسا ڈیجیٹل ماحول یقینی بنانا ضروری ہے جو باعزت، محفوظ اور جوابدہ ہو۔انھوں نے کہا کہ حکومتِ پاکستان قانونی و تحفظاتی اقدامات کو مزید مضبوط بنانے، متاثرہ خواتین کو بہتر معاونت فراہم کرنے اور سرکاری، نجی و بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ قریبی تعاون کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔ ہمیں مل کر ایسا پاکستان تشکیل دینا ہے جہاں ہر خاتون اور لڑکی صنفی تشدد سے آزاد زندگی گزارے اور اپنی مکمل صلاحیتوں کو پوری طرح بروئے کار لا سکے۔



