کھیلوں کی دنیا

پی سی بی نے پی ایس ایل کی 2 نئی ٹیموں کے ناموں سے متعلق افواہوں کی تردید کر دی

پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل کی 2 نئی ٹیموں کے ناموں سے متعلق افواہوں کی تردید کر دی۔

حالیہ میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ پی ایس ایل 11 میں 2 نئی ٹیموں کیلئے فیصل آباد اور گلگت کے ناموں پر ممکنہ طور پر اتفاق ہونےکا امکان ہے۔

تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے میڈیا میں گردش کرنے والی ان خبروں کی تردید کر دی ہے جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل کی دو نئی فرنچائزز کے نام فائنل کر لیے گئے ہیں۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کی 2 نئی ٹیموں کے شہروں کے ناموں کا حتمی فیصلہ نہیں ہوا، ٹیموں کی بڈنگ کے لیے 6 نام دیے ہوئے ہیں ، ان ناموں میں سے کامیاب بڈر نام منتخب کریں گے۔

پی سی بی نے واضح کیا ہے کہ مقررہ طریقہ کار کے مطابق کامیاب بولی دہندگان کو یہ حق حاصل ہوگا کہ وہ باضابطہ طور پر بولی دستاویزات میں شامل شہروں میں سے کسی بھی شہر کا نام اپنی ٹیم کے لیے منتخب کر سکیں۔

یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے نئی ٹیموں کے 6 ناموں کو شارٹ لسٹ کیا تھا۔ شارٹ لسٹ کیے جانے والے ناموں میں فیصل آباد،گلگت ، سیالکوٹ، حیدرآباد، راولپنڈی اور مظفرآباد کےنام شامل تھے۔

پی سی بی نے دنیا بھر سے نئی ٹیموں کے لیے پیشکشیں طلب کر رکھی ہیں ، ٹیکنیکل پروپوزل جمع کرانے کی ڈیڈ لائن 15 دسمبر ہے۔

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button