قومی

نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور ہنگری کے وزیرِ خارجہ کی ملاقات،دو طرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق

نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے چوتھے یورپی یونین انڈوپیسفک وزارتی فورم کے موقع پر ہنگری کے وزیرِ خارجہ پیٹر سیجارٹو سے ملاقات کی، دو طرفہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے شعبہ جات میں تعاون اور علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا جبکہ پاکستان اور ہنگری کے درمیان "اسٹیپینڈیم ہنگریکم پروگرام” 2026–2028 کے فریم ورک کے تحت تعاون کی تجدید سے متعلق مفاہمت کی یادداشت(ایم او یو) پر دستخط بھی کیے۔ جمعرات کو دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران فریقوں نے سیاسی، اقتصادی، تجارتی، ثقافتی، دفاعی اور عوامی سطح پر روابط سمیت دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا اور حالیہ پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان ہنگری کے ساتھ دو طرفہ اور یورپی یونین کے تناظر میں اپنے تعلقات کو نہایت اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ہنگری کے وزیرِ خارجہ پیٹر سیجارٹو نے پاکستان میں ہنگری کی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے فراہم کی جانے والی معاونت پر نائب وزیراعظم/وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار کا شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر علاقائی اور بین الاقوامی امن و سلامتی سے متعلق امور پر بھی بات چیت ہوئی۔ دونوں ممالک نے باہمی افہام و تفہیم بڑھانے اور دو طرفہ و کثیرالقومی فورمز پر مشترکہ مفادات کے شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button