قومی

امریکی کانگریس ارکان کا مریم نواز کے نام خط، اینٹوں کے بھٹوں کو جدید خطوط پر استوار کرنے پر تعریف

امریکی کانگریس ارکان نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے نام خط لکھا ہے جس میں اینٹوں کے بھٹوں کو جدید خطوط پر استوار کرنے پر مریم نواز کو خراج تحسین پیش کیا گیا ہے ۔

کانگریس ارکان کا کہنا ہے کہ اینٹوں کے بھٹوں کو جدید خطوط پر استوار کرنے کا مقصد ماحولیاتی چیلنجز کا مقابلہ اور جبری مشقت کا خاتمہ ہے ۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز کے نام خط میں کانگریشنل پاکستان کاکس کا کہنا ہےکہ بھٹہ انڈسٹری میں ساڑھے چار ملین سے زائد افراد پیشگی نظام میں جکڑے ہیں۔ غیر منصفانہ مزدوری کا یہ طریقہ صدیوں سے جنوبی ایشیا میں رائج ہے ۔

امریکی کانگریس ارکان کے خط میں کہا گیا کہ ہمیں مائیک برکلے اور ڈاکٹر روبینہ فیروز نے پنجاب انتظامیہ کے اس انقلابی اقدام سے آگاہ کیا ہے ۔ بھٹو ں کی صنعت میں جدت سے جبری مشقت کے خاتمے کی عالمی ذمہ داریاں پوری کرنے میں مدد ملے گی۔

خط میں کہا گیا کہ یہ عمل پنجاب کو بیرونی سرمایہ کاری اور امریکی کاروباری اداروں کے لیے زیادہ پرکشش بنا ئے گا۔

خط میں کہا گیا کہ یہ پیش رفت پاک امریکا پارٹنرشپ کی مضبوطی کیلئے بھی بہت اہم ہے۔ صوبہ پنجاب اس منصوبے کا پائلٹ ہے ۔بھٹوں کی جدت سے انسانی حقوق کے امور میں بھی بہتری آئے گی اورپاکستان لانگ ٹرم بیرونی سرمایہ کاری کے لیے بھی زیادہ پرکشش بن جائے گا۔

امریکی کانگریس ارکان کے خط میں مزید کہا گیا کہ پاکستان کاکس جبری مشقت کے خلاف ایسے تمام اقدامات کی بھرپور حمایت کرتا ہے، حکومت پنجاب کے اس اقدام سے پاک امریکا اقتصادی تعلقات مزید بہتر ہوں گے۔

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button