ٹاپ نیوز

تحمل اور برداشت کو اگر بحال کرینگے تو معاشرہ دوبارہ اپنے پیروں پر کھڑا ہوگا، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہےکہ تحمل اور برداشت کو اگر بحال کریں گے تو پاکستانی معاشرہ دوبارہ اپنے پیروں پر کھڑا ہوگا۔

اسلام آباد میں برداشت کے عالمی دن کے حوالے سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ برداشت اور رواداری کے حوالے سے تقریب کا انعقاد خودش آئند ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ قائداعظم کی عظیم قیادت میں پاکستان معرض وجود میں آیا، قائداعظم نے 11 اگست کی تقریر میں بتایا کہ پاکستان کیسا ہونا چاہیے، برداشت اور رواداری قیام پاکستان کی بنیاد ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ قائداعظم نے ایسا پاکستان چاہا جس میں بردباری، رواداری اور برداشت ہو ، تحریک پاکستان میں ہر طبقے کے لوگ شامل تھے، قائد اعظم کی عظیم قیادت میں لاکھوں مسلمانوں کی قربانیوں سے پاکستان معرض وجود میں آیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ اس حوالے سے نبی کریم ﷺ کا اسوہ حسنہ ہمارے لیے بہت بڑا سرمایہ حیات ہے، طائف میں مخالفین نے پتھر برسائے لیکن جواب میں نبی کریم ﷺنے جو ارشاد فرمایا وہ قیامت تک محفوظ رہے گا، وہ ایک ایسا پیغام ہے جس سے تحمل اور برداشت کو فروغ ملتا ہے۔نبی پاک ﷺبرداشت اور رواداری کا مکمل پیکر تھے، ان کی تعلیمات امن اور بھائی چارے پر مبنی ہیں،صلح حدیبیہ بھی اسی طرح کی ایک عظیم مثال ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ آج دوبارہ وقت آ گیا ہےکہ ہم اسلامی تعلیمات کو فروغ دیں، تمام مذاہب کی تعلیمات امن ،بھائی چارے اور باہمی تعلقات کو فروغ دینے کا درس دیتی ہیں۔

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button