پی ٹی آئی والے اسمبلی میں نعرے لگاتے ہیں قیدی نمبر 804، وہ قیدی نمبر 804 نہیں وہ قیدی نمبر 420 ہے: احسن اقبال

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
احسن اقبال کا کہنا تھاکہ جو مہاتما آج اڈیالہ جیل میں بیٹھا ہے، ہمیں چور اور ڈاکو کہتا تھا، پتا یہ چلا کہ اس نے 190 ملین پاؤنڈ کا ڈاکا ڈالا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی والے اسمبلی میں اس کے نعرے لگاتے ہیں، قیدی نمبر 804، وہ قیدی نمبر 804 نہیں وہ قیدی نمبر 420 ہے، اس نے ملک سے چار سو بیسی کی ہے، قوم کو دھوکا دیا ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ اب دنیا بھر میں چرچے ہیں کس طرح ایٹمی طاقت کا وزیر اعظم جادو ٹونے سے فیصلے کرتا تھا، اس کی اپنی بیوی جادو ٹونے اور ٹوٹکوں کے اوپر فیصلے کرواتی تھی، وزیراعظم ہاؤس میں بکروں کی سریاں جلائی جاتی تھیں جو لوگ اس مداری کے پیچھے لگے انہیں اپنے بارے سوچنا چاہیے۔
احسن اقبال کا کہنا تھاکہ پی ٹی آئی والوں کو قوم سے معافی مانگنی چاہیے کہ ان کے لیڈر نے پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا ڈاکا ڈالا ہے، ان کا چار سالہ دورِ حکومت ملک کی تاریخ کا سیاہ ترین دور ہے، اس نے چار برسوں میں صرف نوجوانوں کو گالی گلوچ سکھائی ۔
وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھاکہ وزیراعلیٰ پنجاب میں ترقی کےانقلابی منصوبےشروع کرچکی ہیں، پالیسیوں کی کامیابی کیلئے امن، سکون، استحکام کی ضرورت ہوتی ہے، بھارت شکست کا بدلہ لینے کیلئے دہشت گردی کروا رہا ہے اور خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کی حکومت دہشتگردی کوتحفظ دےرہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ قربانی کے جذبے نے ہمیں معرکہ حق میں کامیابی دلائی ہے، معرکہ حق فوج نے جیتا معرکہ ترقی ہم سویلینز کو جیتنا ہوگا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز برطانوی جریدے دی اکانومسٹ نے عمران خان کی ذاتی زندگی اور سیاسی معاملات میں ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے کردار سے متعلق تفصیلی رپورٹ شائع کی ہے جس میں بتایا گیا ہےکہ بشریٰ بی بی عمران خان کے ہر فیصلے پر اثر انداز ہوتی تھیں اور عمران خان سرکاری فیصلوں میں بھی بشریٰ بی بی سے رہنمائی لیا کرتے تھے۔
رپورٹ کے مطابق بشریٰ بی بی کے آنے کے بعد بنی گالہ میں عجیب و غریب رسومات شروع ہوئیں، روزانہ کالے بکرے یا مرغیوں کے سر قبرستان میں پھینکوائے جاتے، عمران خان کے سر پر کچا گوشت گھمایا جاتا اور لال مرچیں جلائی جاتیں۔



