سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے جدید کیپٹل مارکیٹس کے قیام وعلاقائی تعاون کی ضرورت ہے، افتخار علی ملک

سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر افتخار علی ملک نے کہا ہے کہ ایشیاء میں ایسی کیپٹل مارکیٹس کے قیام کے لیے وسیع تر علاقائی تعاون اور جدت کی ضرورت ہے جو سرمایہ کاری کو متحرک کرنے،لچک کو بڑھانے اور پائیدار ترقی کو فروغ دینے میں معاون ہو سکیں۔ اتوار کو یہاں ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ تیزی سے وقوع پذیر ہوتی ہوئی جغرافیائی سیاسی اور اقتصادی تبدیلیوں کے دور میں علاقائی معیشتیں تنہائی میں کام کرنے کی متحمل نہیں ہو سکتیں۔
سارک ممالک کے لیے ضروری ہے کہ مالیاتی فریم ورک کو ہم آہنگ کرنے، تجارتی رکاوٹوں کو کم اور ادارہ جاتی روابط کو مضبوط بنانے پر توجہ مرکوز کی جائے تاکہ زیادہ متحرک اور باہم مربوط معاشی منظر نامے کو تشکیل دیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ مربوط کیپٹل مارکیٹوں سے نہ صرف سرحد پار سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا بلکہ یہ ممالک وسائل جمع کرنے، خطرات کا مقابلہ کرنے اور استحکام وطویل مدتی منافع کے خواہاں عالمی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے قابل ہو سکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ جدید مالیاتی ٹیکنالوجیز کے استعمال، گورننس میں بہتری اور شفافیت کو یقینی بنا کر علاقائی منڈیوں کو جامع اور پائیدار ترقی کے قابل بنایا جا سکتا ہے۔ افتخار علی ملک نے کہا کہ علاقائی اقتصادی انضمام کو تیز کرنے اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کو فروغ دینے کے لیے حکومتوں کو کارپوریٹ سیکٹر، چیمبرز آف کامرس اور مالیاتی اداروں کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہیے تاکہ سرمایہ کار دوست پالیسیاں وضع اور جدت پر مبنی ترقی کو فروغ دیا جا سکے۔



