یہ درست نہیں کہ سب سے زیادہ ٹیکس تنخواہ دار طبقے سے وصول کیاگیا، وزارت خزانہ

اسلام آباد: وزارت خزانہ نے تنخواہ دار طبقے کے سب سے زیادہ ٹیکس دینے سے متعلق خبروں پر وضاحت پیش کردی۔
جیو نیوز کے مطابق پریزائیڈنگ افسر منظور کاکڑ کی زیر صدارت سینیٹ کا اجلاس ہوا جہاں وزارت خزانہ کا تحریری جواب ایوان میں پیش کیا گیا۔
تحریری جواب میں کہا گیا ہے کہ یہ درست نہیں کہ سب سے زیادہ ٹیکس تنخواہ دار طبقے سے وصول کیاگیا، بینکوں سے1127 ارب اور پیٹرولیم سے 1121 ارب روپے ٹیکس وصول کیاگیا ہے۔
وزارت خزانہ کے مطابق پاور سے 858 ارب، ریٹیلرز ہول سیلر سے693 ارب جب کہ تنخواہ دار طبقے سے 498 ارب روپے کا ٹیکس وصول کیا گیا۔
اس حوالے سے وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے کہا کہ تنخواہ دار طبقہ بہت زیادہ ٹیکس دیتا ہے اور چند شعبے ملک میں ٹیکس کا بوجھ اٹھاتے آئے ہیں، چاہتے ہیں تنخواہ دار کے علاوہ معیشت کے سارے حصے ٹیکس میں اپناحصہ ڈالیں۔



