چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے تاجکستان کے وزیر دفاع کرنل جنرل سوبر زودہ امام علی عبدالرحیم کی ملاقات

چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے علاقائی استحکام اور خوشحالی کے لیے اجتماعی کوششوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے تاجکستان کے ساتھ دفاعی اور سکیورٹی تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا ہے ۔جمعہ کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے تاجکستان کے وزیر دفاع کرنل جنرل سوبر زودہ امام علی عبدالرحیم نے جنرل ہیڈ کوارٹرز میں ملاقات کی۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی اور دوطرفہ دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں فریقوں نے موجودہ عسکری تعاون ، بالخصوص تربیت، انسداد دہشت گردی اور علاقائی سلامتی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔معزز مہمان نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا اور علاقائی استحکام اور امن کے فروغ میں اس کے کردار کا اعتراف کیا۔ فیلڈ مارشل نے علاقائی استحکام اور خوشحالی کے لیے اجتماعی کوششوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے تاجکستان کے ساتھ دفاعی اور سکیورٹی تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔



