27 ویں آئینی ترمیم، آرٹیکل 176 میں ترمیم کے تحت موجودہ چیف جسٹس کو ٹرم پوری ہونے تک چیف جسٹس پاکستان کہا جائےگا

اسلام آباد: قومی اسمبلی میں حکومت نے 27 ویں آئینی ترمیم میں 8 نئی ترامیم پیش کیں، آرٹیکل 176 میں ترمیم کی گئی جس کے تحت موجودہ چیف جسٹس کو ٹرم پوری ہونے تک چیف جسٹس پاکستان کہا جائےگا۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے 27 ویں آئینی ترمیم کی تحریک پیش کی اور کہا کہ 27 ویں آئینی ترمیم کے خدوخال سینیٹ میں پیش کردیے تھے، قانون اور آئین میں ترمیم ایک ارتقائی عمل ہے۔
اجلاس کے دوران حکومت نے 27 ویں آئینی ترمیم میں 8 نئی ترامیم پیش کیں۔
وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ جسٹس یحییٰ آفریدی ہی چیف جسٹس پاکستان رہیں گے۔ چیف جسٹس پاکستان کا عہدہ برقرار رہےگا۔ آئینی عدالت اور سپریم کورٹ سے جو جج سینئر ہوگا وہ چیف جسٹس پاکستان کہلائےگا۔
27 ویں آئینی ترامیم میں چار شقیں نکالنے اور چار شقیں ڈالنے کی ترامیم پیش کی گئیں۔
آئین کے آرٹیکل 6 کی شق 2 میں وفاقی آئینی عدالت کا لفظ شامل کیا گیا۔ آئین کے آرٹیکل 10 میں لفظ سپریم کورٹ کا اضافہ کیا گیا ہے۔
آرٹیکل 176 میں ترمیم کے تحت موجودہ چیف جسٹس کو ٹرم پوری ہونے تک چیف جسٹس پاکستان کہا جائےگا۔ آرٹیکل 255 شق دو میں ترمیم کی گئی ہے جو کہ موجودٹرم کے بعد چیف جسٹس پاکستان کی تعیناتی سے متعلق ہے۔
چیف جسٹس سپریم کورٹ اور چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت میں سے سینئر ترین چیف جسٹس پاکستان ہو گا۔



