قومی

پاکستانی سفیرفیصل نیاز ترمذی کی روسی فیڈریشن کونسل کے ڈپٹی چیئرمین سے ملاقات، جامع تعاون کو وسعت دینے کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ

روس میں پاکستانی سفیر فیصل نیاز ترمذی نے پیر کو روسی فیڈریشن کی فیڈریشن کونسل کے ڈپٹی چیئرمین سینیٹر کونسٹنٹین کوساچیف سے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ پاکستانی سفیر نے روسی فیڈریشن کے ساتھ جامع تعاون کو وسعت دینے کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے خاص طور پر پارلیمانی تعاون، تجارتی اور کاروباری تعلقات کے ساتھ ساتھ ثقافتی تعاون کو بڑھانے کے منصوبوں پر روشنی ڈالی۔

دونوں فریقوں نے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان حکومت کی کونسل کے اگلے اجلاس جبکہ تجارت، اقتصادی، سائنسی اور تکنیکی تعاون کے پاکستان-روس بین الحکومتی کمیشن کے 10ویں جوبلی اجلاس کی تیاریوں پر بھی تبادلہ خیال کیا، جو اس سال کے آخر میں اسلام آباد میں منعقد ہونا ہے۔

انہوں نے دونوں ممالک کے ایوان بالا کے درمیان شاندار پارلیمانی تعاون کو سراہا۔ اس سلسلے میں پاکستانی سفیر فیصل نیاز ترمذی نے فیڈریشن کونسل کی سپیکر ویلنٹینا ماتویینکو کے اہم کردار کا بھی تذکرہ کیا۔ پاکستانی سفیر نےروسی ڈپٹی سپیکر اور ان کے وفد کو10 سے 12 نومبر 2025 تک سینیٹ آف پاکستان کے زیر اہتمام منعقد ہونے والی بین الپارلیمانی سپیکرز کانفرنس میں شرکت کے حوالے سے اسلام آباد کے کامیاب دورے بارے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button