کاروباری

پاکستان چین کو زرعی اور فوڈ مصنوعات کی برآمدات مزید مستحکم کر رہا ہے ، محمد عاطف

شنگھائی میں پاکستان کے ڈپٹی قونصل جنرل محمد عاطف نے کہا ہے کہ پاکستان چین کو زرعی اور فوڈ مصنوعات کی برآمدات مزید مستحکم کر رہا ہے اور بڑی صلاحیت رکھنے والے نئے شعبوں کی تلاش بھی جاری ہےجبکہ چین انٹرنیشنل امپورٹ ایکسپو (سی آئی آئی ای )میں شرکت سے کاروباری تعاون کے نئے دروازے کھل رہے ہیں۔

اتوار کوچائنا اکنامک نیٹ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس وقت ہم چین کو پانچ بڑی مصنوعات برآمد کرتے ہیں جن میں چاول، تل، سی فوڈ، پھل اور سبزیاں، ساتھ ہی ابلی ہوئی بیف اور خشک میوہ جات شامل ہیں۔ تاہم مکئی، مرغی کے پاؤں اور دیگر کئی شعبوں میں بھی بے پناہ امکانات موجود ہیں جن کے پروٹوکول آخری مراحل میں ہیں۔انہوں نے بتایا کہ سی آئی آئی ای کے ساتویں ایڈیشن میں ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹی ڈی اے پی) کے تحت 20 کمپنیاں حصہ لے رہی ہیں جبکہ کئی نجی کمپنیاں بھی آزادانہ طور پر اپنی مصنوعات پیش کر رہی ہیں۔

اگرچہ ٹی ڈی اے پی کا آفیشل اسپیس صرف نو مربع میٹر کے اسٹال تک محدود ہے تاہم یہ پلیٹ فارم بہت بڑا ہے اور کمپنیاں اس کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے اپنی موجودگی میں خود سرمایہ کاری کر رہی ہیں۔پاکستان کے دو بڑے ایکسپورٹرز، ہیمانی ہربل اور ونزا نے سی آئی آئی ای کے گزشتہ ایڈیشنز سے نمایاں کامیابی حاصل کی ہے۔

ہیمانی ہربل پاکستان کی بڑی قدرتی اور جڑی بوٹیوں پر مبنی مصنوعات تیار کرنے والی کمپنیوں میں سے ایک ہے جو 85 سے زائد ممالک کو 1,800 سے زیادہ ہیلتھ اور ویلنس مصنوعات برآمد کرتی ہے۔سی آئی آئی ای میں ہیمانی اور وِنزا جیسی کمپنیوں نے دکھایا ہے کہ پاکستانی برانڈز کس طرح معیار، جدت اور برانڈنگ کے ذریعے عالمی سطح پر مقابلہ کر سکتے ہیں۔

عاطف نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ جیسے جیسے پاکستان اپنی برآمدات کو متنوع بنائے گا اور چین کے ساتھ زرعی تعاون کو مزید مضبوط کرے گا، مزید کامیابیوں کی مثالیں سامنے آئیں گی۔

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button