لاہور میں من مانی قیمت پر سبزیوں کی فروخت جاری، شہری پریشان

لاہور میں من مانی قیمت پر سبزیوں کی فروخت کا سلسلہ جاری ہے۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق پیاز سرکاری ریٹ 135 کے بجائے 160 روپے کلو میں فروخت کی جا رہی ہے جبکہ ٹماٹر 80 روپے کے بجائے 100 روپے کلو میں فروخت ہو رہے ہیں۔
اس کے علاوہ کھیرا سرکاری ریٹ 90 روپے کے بجائے 120 روپے کلو میں فروخت کیا جا رہا ہے، کریلے سرکاری ریٹ 70 کے بجائے 100 روپے کلو میں فروخت ہو رہے ہیں۔
بینگن سرکاری ریٹ 40 کے بجائے 60 روپے فی کلو میں فروخت کیے جا رہے ہیں، میتھی 50 کے بجائے 60 روپے فی کلو اور گاجر 80 کے بجائے 100 روپے کلو میں فروخت کی جارہی ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت سرکاری ریٹ لسٹ پر سختی سے عملدرآمد کروائے، دکانوں پر ڈی سی ریٹ لسٹ آویزاں کرنا کافی نہیں ہے۔ دوسری جانب دکانداروں کا کہنا ہے کہ ٹرانسپورٹ اخراجات بڑھنے سے قیمتیں بڑھانا مجبوری ہے۔



