چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمن متفقہ طور پر جنوبی ایشیائی ٹیلی کمیونیکیشن ریگولیٹرز کونسل کے چیئرمین منتخب

چیئرمین پاکستان ٹیلی کام اتھارٹی(پی ٹی اے) میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمن کو متفقہ طور پر جنوبی ایشیائی ٹیلی کمیونیکیشن ریگولیٹرز کونسل (سیٹرک)کا چیئرمین منتخب کر لیا گیا۔بدھ کوپاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی سے جاری بیان کے مطابق جنوبی ایشیائی ٹیلی کمیونیکیشن ریگولیٹرز کونسل (SATRC-26) کا 26واں اجلاس بدھ سے اسلام آباد میں شروع ہو گیا ہے۔
یہ تین روزہ اجلاس 5 تا 7 نومبر پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے زیر اہتمام، ایشیا پیسیفک ٹیلی کمیونٹی (اے پی ٹی) کے تعاون سے منعقد کیا جا رہا ہے۔اجلاس کے دوران چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمن کو متفقہ طور پر سیٹرک کا چیئرمین منتخب کر لیا گیا۔
اپنے خطاب میں نومنتخب چیئرمین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان خطے میں تعاون کے فروغ اور جدید ٹیکنالوجیز کے استعمال کے ذریعے جامع ڈیجیٹل ترقی کو آگے بڑھانے کے لیے پرعزم ہے۔واضح رہے کہ اس اجلاس میں جنوبی ایشیائی ممالک کے ریگولیٹرز، ماہرین اور صنعت سے وابستہ رہنما شریک ہیں تاکہ ڈیجیٹل تبدیلی اور پائیدار آئی سی ٹی ترقی کے عمل کو مزید تقویت دی جا سکے۔



