ممدانی کو میئر بننے سے روکنےکیلئے ارب پتیوں نے کروڑوں ڈالر خرچ کیے، امریکی اخبار کا انکشاف

ظہران ممدانی کو نیویارک کا میئر بننے سے روکنے کے لیے 26 ارب پتیوں نے زور لگایا اور اس مشن کے لیے انہوں نے کروڑوں ڈالر خرچ کیے۔
امریکی اخبار نے رپورٹ میں انکشاف کیاکہ نیو یارک انتخاب میں 26 ارب پتیوں یا ارب پتی خاندانوں نے مجموعی طور پر 2 کروڑ 20 لاکھ ڈالر سے زائد رقم خرچ کی تاکہ ظہران ممدانی کو کامیابی سے روکا جا سکے جن کی پوزیشن تمام سرویز میں سب سے مستحکم تھی۔
رپورٹ کے مطابق سابق میئر مائیکل بلوم برگ نے ممدانی کے حریف اینڈریو کومو کو انتخابی مہم کے لیے مزید 15 لاکھ ڈالر دیے۔
رپورٹ کے مطابق صرف دو ارب پتیوں نے ممدانی کی حمایت کی اور ان کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔
ظہران ممدانی کی انتخابی مہم کی ارب پتی ایلزبتھ سمنز اور گِٹ ہَب GitHub کے شریک بانی ٹام پریسٹن ورنر نے حمایت کی، ایلزبتھ سمنز نے ڈھائی لاکھ اور ٹام پریسٹن ورنر نے 20 ہزار ڈالر تک رقم عطیہ کی۔
ادھر نیویارک کے مال دار کاروباری افراد نے ظہران ممدانی کی جیت کے بعد محتاط حمایت کا اعلان کردیا۔
معروف ارب پتی اور ممدانی کے سخت ناقد بل ایکمین Bill Ackman کا لہجہ بھی نرم پڑگیا اور انہوں نے ممدانی کو تعاون کی پیش کش کردی ۔
وال اسٹریٹ کے با اثر ترین سرمایہ کار رالف شلوسٹائن Ralph Schlosstein نے کہا کہ سخت الیکشن مہم کے بعد نیویارک کے متحد ہونے کا وقت آ گیا ہے۔



