صدر مملکت آصف علی زرداری سے قطر کے نائب وزیر اعظم و وزیر دفاع شیخ سعود بن عبدالرحمٰن بن حسن بن علی آل ثانی کی ملاقات، دو طرفہ تعلقات، دفاعی تعاون اور علاقائی سلامتی کے امور پر تبادلہ خیال

صدر مملکت آصف علی زرداری سے دوسری عالمی سماجی ترقی کانفرنس کے موقع پر قطر کے نائب وزیر اعظم و وزیر دفاع شیخ سعود بن عبدالرحمٰن بن حسن بن علی آل ثانی نے ملاقات کی اور دو طرفہ تعلقات، دفاعی تعاون اور علاقائی سلامتی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بدھ کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان اور قطر کے درمیان تاریخی و برادرانہ تعلقات کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک دفاع، سلامتی، تربیت اور دفاعی پیداوار کے شعبوں میں گہرے تعاون کے رشتے میں بندھے ہوئے ہیں۔
انہوں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کی افواج کے درمیان موجود تعاون مسلسل مضبوط ہو رہا ہے۔انہوں نے مشترکہ فوجی مشقوں، دفاعی ٹیکنالوجی اور ماہرین کے تبادلے کے ذریعہ تعاون کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات خطے میں امن و استحکام کے فروغ میں مددگار ثابت ہوں گے۔ قطر کے نائب وزیراعظم شیخ سعود بن عبدالرحمٰن بن حسن بن علی آل ثانی نے پاکستانی افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا اور پاکستان کے ساتھ دفاعی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے مشترکہ دفاعی پیداوار اور تعاون پر مبنی منصوبوں میں قطر کی دلچسپی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ قطر مستقبل میں ان منصوبوں کو وسعت دینے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے افغان تنازعہ میں امن و استحکام کے لیے قطر کے کردار کے تسلسل کا بھی یقین دلایا۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے قطر کی مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دفاع اور سلامتی سمیت مختلف شعبوں میں قطر کے ساتھ اپنی تزویراتی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ اس موقع پر خاتون اول بی بی آصفہ بھٹو زرداری، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور پاکستان کے سفیر برائے قطر بھی موجود تھے۔



