نیو یارک میں میئر کا الیکشن آج، مسلم امیدوار ظہران ممدانی سمیت 3 امیدواروں میں مقابلہ

امریکی تاریخ میں پہلی بارنیویارک میئر کے الیکشن پر پوری دنیا کی نظریں جمی ہوئی ہیں۔ڈیموکریٹک اور مسلم امیدوار ظہران ممدانی کا مقابلہ ری پبلکن حریف کرٹس سلوا اور آزاد امیدوار اینڈریو کومو سے ہے۔
پولنگ سے پہلے ڈیموکریٹک امیدوار ظہران ممدانی نے حامیوں کےساتھ بروکلین بریج سے سٹی ہال تک مارچ کیا۔
اپنے خطاب میں ظہران ممدانی نے صدر ٹرمپ کی جانب سے مخالفت کو اپنی طاقت قراردیا۔ انہوں نےکہا کہ انکی توجہ نیویارک میں رہائش پرآنیوالے اخراجات کم کرنے پر ہے۔ ممدانی نے نیو یارک میں ریلی کے دوران شہریوں سے ووٹ کی اپیل کردی۔
صدر ٹرمپ اور ایلون مسک کی جانب سے ممدانی کی مخالفت کے باوجود مسلم امیدوارکے پہلی بار نیویارک شہر کا میئر بننے کاامکان ہے۔
امریکا کی ریاستوں ورجینیا اور نیوجرسی میں گورنرکا اہم الیکشن بھی آج ہورہا ہے۔
ورجینیا میں ڈیموکریٹک پارٹی کے پلیٹ فارم سے غزالہ ہاشمی لیفٹینینٹ گورنر کے عہدےکے لیے الیکشن لڑرہی ہیں، وہ پچھلے برس اس ریاست کی دوسری بار سینیٹر بنی ہیں، جیتنےکی صورت میں وہ بطور مسلم خاتون لیفٹینینٹ گورنر تاریخ رقم کریں گی۔
وہ ریاست کی پہلی مسلم اورجنوب ایشیائی امریکن خاتون سینیٹر ہیں۔ ورجینیا کی لیفٹینینٹ گورنر کا الیکشن لڑنے والی غزالہ ہاشمی کے شوہر اظہر کا تعلق کراچی سے ہے۔
ورجینیا میں ہی ڈیموکریٹک پارٹی کی امیدوار ایبی گیل اسپین برجر Abigail Spanberger کا مقابلہ ری پبلکن لیفٹینینٹ گورنر وینسم ارل سیئرزWinsome Earle-Sears سے ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ دونوں میں سے جو بھی کامیاب ہو، ریاست کی تاریخ میں یہ پہلی بار ہوگا کہ گورنر ایک خاتون منتخب ہوگی۔
نیوجرسی میں ڈیمرکریٹک رہنما Mikie Sherrill کا مقابلہ ری پبلکن حریف اور ریاست کے سابق رکن اسمبلی جیک Ciattarelli سے ہورہا ہے۔ سروے کے مطابق نیوجرسی میں کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے تاہم ڈیموکریٹک پارٹی کو امید ہے کہ فتح Mikie Sherrill کا مقدر ہوگی۔
کیلیفورنیا میں ووٹرز یہ طے کریں گے کہ اگلے برس مڈٹرم الیکشنز سےایوان میں ڈیموکریٹک پارٹی کا پلڑا بھاری ہوگا یا ری پبلکنز ہی کامیاب ہوں گے۔
کیلی فورنیا کے گورنر گیون نیوسم کا کہنا ہے کہ پروپوزیشن ففٹی کےلیے ووٹ کی صورت میں انکی ریاست ایک ٹھوس پیغام دے گی کہ کانگریس کے انتخابات کےلیے حلقہ بندی کیسے کی جانی چاہیے۔
نیوسم نے دعویٰ کیا کہ ٹرمپ پہلے دور صدارت سے بھی زیادہ غیرمقبول ہیں اور مڈٹرم الیکشنز میں ری پبلکنز کو شکست ہوگی۔ ری پبلکنز کی گڑھ ریاستیں ٹیکساس اور انڈیانا بھی کانگریشنل سطح پر نئی حلقہ بندیوں کی کوشش کررہی ہیں۔
زیادہ تر ریاستوں میں پولنگ مقامی وقت کے مطابق صبح 7 بجے جبکہ بعض میں صبح 5 یا 10 بجے شروع ہوگی۔



