نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی ترک وزیر خارجہ سے ملاقات،باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں سمیت خطے اور عالمی اہمیت کے مسائل پر تبادلہ خیال

نائب وزیراعظم/وزیر خارجہ سینیٹرمحمداسحاق ڈار نے استنبول میں غزہ کی صورتحال پر عرب-اسلامی وزرائے خارجہ کے اجلاس کے موقع پر ترکیہ کے وزیر خارجہ ہیکان فیدان سے ملاقات کی ، دونوں رہنماؤں نے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ بھائی چارے پر مبنی تعاون کو مزید گہرا کرنے اور متنوع بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق نائب وزیراعظم/وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نےپیر کو غزہ کی صورتحال پر عرب-اسلامی وزرائے خارجہ کے اجلاس میں شرکت کے سلسلے میں ترکیہ کے دورے کے دوران ترک وزیر خارجہ ہیکان فیدان سے ملاقات کی۔نائب وزیر اعظم/وزیر خارجہ نے ترکیہ کی جانب سے غزہ کے معاملے پر بروقت وزارتی اجلاس کی میزبانی کی تعریف کی۔
انہوں نے کہا کہ اس اجلاس نے فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ کے حل کے لئے مشترکہ عزم اور متفقہ آواز کا اعادہ کیا ہے۔ دونوں رہنماؤں نے غزہ پیس ایگریمنٹ کے مکمل نفاذ خاص طور پر جنگ بندی کے احترام، اسرائیل کے مقبوضہ فلسطینی علاقوں سے فوری انخلا اور فلسطینیوں کو بلا روک ٹوک انسانی امداد کی فراہمی اور غزہ کی تعمیرنو پر زور دیا۔نائب وزیر اعظم/وزیر خارجہ نے پاکستان اور ترکیہ کے بھائی چارے پر مبنی تعلقات میں مثبت رجحان پر اطمینان کا اظہار کیا جو کثیر الجہتی شراکت داری میں تبدیل ہو چکے ہیں۔ دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں کے ساتھ ساتھ خطے اور عالمی اہمیت کے مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں رہنماؤں نے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ بھائی چارے پر مبنی تعاون کو مزید گہرا کرنے اور متنوع بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔



