عالمی

پانچویں حج کانفرنس اور نمائش 9 تا 12 نومبر جدہ میں ہو گی

خادم حرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی سرپرستی میں پانچویں حج کانفرنس 9 تا 12 نومبر 2025 جدہ میں ہو گی۔ سعود ی حکام کے مطابق حج کانفرنس اینڈ ایگزیبیشن 1447 ہجری کے پانچویں ایڈیشن کانفرنس کا تھیم ’’فرام مکہ ٹو ورلڈ ‘‘ ( مکہ سے دنیا تک) تک رکھا گیا ہے اور اس کا مقصد عازمین حج کے لئے خدمات کو بہتر بنانا ہے۔ کانفرنس کا اہتمام سعودی وزارت حج و عمرہ نے کیا ہے اور یہ جدہ کے سپرڈوم میں منعقد ہو گی۔ کانفرنس دنیا بھر سے آنے والے عازمین حج کو بہتر سہولتوں کی فراہمی کی غرض سے سعودی مملکت کے اقدامات کا اولین پلیٹ فارم ہو گی۔

چار روزہ کانفرنس میں سعودی عرب اور بیرون ملک سے ماہرین اور متعلقہ شخصیات شرکت کریں گی اور ٹیکنالوجی اورانتظامی ترقی کے حوالہ سے بہترین طریق ہائے کار پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ یہ کانفرنس آپریشنل ، انتظامی اور ٹیکنالوجی کے حوالہ سے حج کے نظام کی افادیت کو بڑھانے کے سعودی مملکت کے عزم کی عکاس ہے۔ اس کا مقصد عازمین حج کی بڑھتی ضروریات کے مطابق ان کو سہولیات فراہم کرنا اور مناسک حج کی آسانی اور اطمینان کے ساتھ ادائیگی کو یقین بنانا اور عازمین حج و عمرہ زائرین کو بہترین عالمی معیار اور طریق کار کے مطابق بہترین اور پرسکون ماحول فراہم کرنا ہے۔

اس موقع پر 52 ہزار مربع میٹر پر لگائی جانے والی نمائش میں سیاحت، ٹیکنالوجی، ہیلتھ کیئر اور آپریشنل خدمات سمیت 11 بنیادی شعبوں کے متعلق 260 نمائش کنندگان شرکت کریں گے۔ 95 بین الاقوامی مقرر اور ماہرین 80 پینل ڈسکشنز اور ورکشاپس میں ایک سو سے زیادہ اختراعی تصورات پیش کریں گے جن میں مستقبل میں عازمین حج کے لئے سہولیات اور ان کے سفر کو بہتر بنانے پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔ نمائش میں سعودی عرب اور دیگر ممالک سے ڈیڑھ لاکھ افراد کی شرکت متوقع ہے۔

اس موقع پر سعودی وزارت حج و عمر ہ کے متعدد اقدامات بشمول عازمین کے لئے کھانے کی بہتر خدمات ، إعاشۃ تون، عازمین کی مقامات مقدسہ تک رسائی میں آسانی اور ماحول دوست توانائی ، سمارٹ کولنگ ٹیکنالوجیز پر مبنی سسٹین ایبل سلوشنز اور بہتر کارکردگی پر مبنی ریسورس منیجمنٹ بارے آگاہی فراہم کی جائے گی۔ انوویشن زون کے تحت ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجی کی 15 سے زیادہ کمپنیاںمصنوعی ذہانت اور ڈیٹا اینالیٹکس کی مدد سے کرائوڈ منیجمنٹ کے انتظامات کی بہتری کی تصورا ت پیش کریں گی۔

کانفرس اور نمائش کے دوران شراکت داری کے متعدد تزویراتی معاہدوں پر بھی دستخط ہوں گےجن کا مقصد حج اینڈ عمرہ ایکو سسٹم کے اندر تعاون کو وسعت دینا اور معلومات کا تبادلہ ہے جس کے نتیجہ میں مقامات مقدسہ پر خدمات کے معیار، سسٹم انٹیگریشن اور ڈیجیٹلائزیشن میں بہتری آئے گی۔ کانفرنس میں حج سسٹم میں بہتری اور کارکردگی اور لچک کو بڑھانے کے لئے ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن، سمارٹ منیجمنٹ اور آپریشنل سسٹین ایبلٹی جیسے بنیادی نکات پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔ یہ اقدامات سعودی عرب کے وژن 2030 اور فیوض الرحمٰن کی خدمت پروگرام کا حصہ ہیں جن کا مقصد دنیا بھر سے آئے عازمین کو بہترین خدمات کی فراہمی ہے۔

کانفرنس کا انعقادسعودی مملکت کے شعبہ حج کی جامع ترقی کے منصوبہ کا حصہ ہے ۔ یہ کانفرنس ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن ، سمارٹ منیجمنٹ اور خدمات میں اختراع جیسے شعبوں کے لئے پلیٹ فارم فراہم کرے گی۔ یہ تجربات اور مہارتوں کے تبادلے کے ذریعے کارکردگی میں بہتری اور عازمین حج کے روحانی سفر میں ان کو بہتر خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانے میں بھی مفید ثابت ہو گی۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button