نائب وزیراعظم اسحاق ڈار ترک وزیرِ خارجہ کی دعوت پر کل(پیر) ایک روزہ دورے پر استنبول روانہ ہوں گے

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار ترک وزیرِ خارجہ کی دعوت پر (کل)پیر 3 نومبر کو ایک روزہ دورے پر استنبول روانہ ہوں گے، جہاں وہ عرب-اسلامی وزرائے خارجہ کے رابطہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔اتوار کو دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق استنبول اجلاس کے دوران پاکستان جنگ بندی معاہدے پر مکمل عمل درآمد، مقبوضہ فلسطینی علاقوں، بالخصوص غزہ سے اسرائیلی افواج کے مکمل انخلا، فلسطینی عوام کو بلا رکاوٹ انسانی امداد کی فراہمی اور غزہ کی تعمیرِ نو کی ضرورت پر زور دے گا۔
پاکستان، سات دیگر عرب و اسلامی ممالک کے ہمراہ، اس امن اقدام میں سرگرم رہا ہے جس کے نتیجے میں شرم الشیخ میں ’’غزہ امن معاہدے ‘‘پر دستخط ہوئے۔پاکستان اس بات کو بھی دہرائے گا کہ تمام فریقوں کو مل کر ایک آزاد، قابلِ عمل اور جغرافیائی طور پر متصل فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے کوششیں تیز کرنی چاہئیں، جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو، جو 1967 سے قبل کی سرحدوں پر مبنی ہو اور جو اقوامِ متحدہ کی متعلقہ قراردادوں اور عرب امن منصوبے کے مطابق ہو۔پاکستان امن، انصاف اور فلسطینی عوام کی عزتِ نفس کی بحالی اور ان کے حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھنے کے عزم پر قائم ہے۔



