کھیلوں کی دنیا

سابق بھارتی کرکٹر اظہرالدین کی نئی سیاسی اننگز، ریاستی حکومت میں پہلے مسلم وزیر بن گئے

بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور کانگریس رہنما محمد اظہرالدین ریاست تلنگانہ کی کابینہ میں شامل ہوگئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق محمد اظہرالدین نےجمعہ کو بھارتی ریاست تلنگانہ کی ریاستی حکومت کی کابینہ کے وزیر کے طور پر حلف اٹھا لیا، یوں ان کے سیاسی کیریئر کی نئی اننگز کا آغاز ہوگیا۔

حلف برداری کی تقریب راج بھون، حیدرآباد میں منعقد ہوئی، جہاں گورنر جِشنو دیو ورما نے ان سے عہدے اور رازداری کا حلف لیا۔

اس موقع پر محمد اظہرالدین کے بیٹے اسدالدین، جو حال ہی میں تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے جنرل سیکرٹری مقرر ہوئے ہیں، بھی تقریب میں شریک تھے۔

بھارتی میڈیاکے مطابق یہ توقع کی جا رہی ہے کہ محمد اظہرالدین کو اقلیتی بہبود کی وزارت دی جائے گی۔

محمد اظہرالدین تلنگانہ میں2023 میں قائم ہونے والی کانگریس حکومت کی کابینہ میں پہلے مسلم وزیر ہیں۔

واضح رہے کہ 62 سالہ کانگریس رہنما محمد اظہرالدین کی کابینہ میں شمولیت جوبلی ہلز اسمبلی کی نشست کے 11 نومبر کو ہونے والے ضمنی انتخاب سے چند روز قبل عمل میں آئی ہے، جہاں مسلم ووٹرز کی بڑی تعداد موجود ہے۔

مبصرین کی طرف سے اظہرالدین کو تلنگانہ کی کابینہ میں شامل کرنے کے فیصلے کو مسلم ووٹرز سے رابطہ مضبوط کرنے کی حکمتِ عملی کا حصہ سمجھا جا رہا ہے۔

دوسری جانب بی جے پی نے اس اقدام پر سخت تنقید کی ہے۔

تلنگانہ میں بی جے پی کے صدر رام چندر راؤ نے اسے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پارٹی نے چیف الیکٹورل آفیسر کے پاس شکایت درج کروائی ہے،جس میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ اظہرالدین کو وزیر بنانا ووٹرز پر اثر انداز ہونے کی کوشش ہے۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button