پاکستان اور امریکہ کے درمیان باہمی احترام ،استحکام اور خوشحالی کے مشترکہ مقاصد پر مبنی دیرینہ تعلقات ہیں، خواجہ محمد آصف

وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان باہمی احترام ،استحکام اور خوشحالی کے مشترکہ مقاصد پر مبنی دیرینہ تعلقات ہیں۔جمعرات کو وزارت دفاع سے جاری بیان کے مطابق امریکی سفارتخانہ کی قائم مقام ناظم الامور نٹالی بیکر نے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر دفاع نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان باہمی احترام ، استحکام اور خوشحالی کے مشترکہ مقاصد پر مبنی دیرینہ تعلقات ہیں۔دونوں فریقوں نے دوطرفہ تعلقات کی مثبت رفتار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک کے مابین تعلقات کی بحالی اور بڑھتی ہوئی گرمجوشی کو سراہا۔ بین الاقوامی برادری میں ایک ذمہ دار اور مستقبل کے متلاشی شراکت دار کے طور پر پاکستان کے تعمیری کردار اور بڑھتے ہوئے تعاون کو سراہا گیا۔
ملاقات میں افغانستان کی صورتحال پر بھی بات چیت ہوئی۔ دونوں فریقین نے ایک پرامن، مستحکم اور محفوظ افغانستان کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ علاقائی امن و استحکام کے تحفظ کے لئے افغان سرزمین سے پیدا ہونے والے چیلنجوں سے مؤثر طریقے سے نمٹا جانا چاہئے۔ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات کی موجودہ مثبت رفتار کو برقرار رکھنے اور متعدد شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے اعادہ کیاگیا۔



