بینکوں کے مختصر مدت کے قرضوں ، ڈیپازٹس اور سرمایہ کاری میں سالانہ بنیادوں پر اضافہ

بینکوں کے مختصر مدت کے قرضوں ، ڈیپازٹس اور سرمایہ کاری میں سالانہ بنیادوں پر اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق ستمبر 2025 کے اختتام پر بینکوں کے قلیل مدتی قرضوں کا حجم 13 ہزار 454 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ سال ستمبر کے مقابلے میں 9.4 فیصد زیادہ ہے۔ گزشتہ سال ستمبر کے اختتام پر بینکوں کے قلیل مدتی قرضوں کا حجم 12305 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا تھا۔ اگست کے مقابلے میں ستمبر میں بینکوں کے قلیل مدتی قرضوں میں ماہانہ بنیادوں پر 2 فیصد کا اضافہ ہوا۔
اگست میں بینکوں کے قلیل مدتی قرضوں کا حجم 13193 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا تھا۔ اعدادوشمار کے مطابق ستمبر کے اختتام پر بینکوں کی سرمایہ کاری (سٹاک) میں ماہانہ بنیادوں پر 16.7 فیصد کی نمو ریکارڈ کی گئی۔ ستمبر کے اختتام پر بینکوں کی سرمایہ کاری کا حجم 35816 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ سال ستمبر کے اختتام پر 30699 ارب روپے تھا۔ اگست کے مقابلے میں ستمبر میں بینکوں کی سرمایہ کاری میں ماہانہ بنیادوں پر 1.3 فیصد کی کمی ہوئی ۔ اگست کے اختتام پر بینکوں کی سرمایہ کاری کا حجم 36 ہزار 303 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا جو ستمبر میں کم ہو کر 35 ہزار 816 ارب روپے ہوگیا۔
اعدادوشمار کے مطابق ستمبر کے اختتام پر بینکوں کے کھاتوں کا حجم 35 ہزار 211 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ سال ستمبر کے مقابلے میں 12.3 فیصد زیادہ ہے۔ گزشتہ سال ستمبر کے اختتا م پر بینکوں کے کھاتوں کا حجم 31 ہزار 342 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا تھا۔ اگست کے مقابلے میں ستمبر میں بینکوں کے کھاتوں میں ماہانہ بنیادوں پر 2.2 فیصد کا اضافہ ہوا ۔
اگست کے اختتام پر بینکوں کے کھاتوں کا حجم 34 ہزار 463 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا تھا جو ستمبر میں بڑھ کر 35 ہزار 211 ارب روپے ہو گیا۔ اعدادوشمار کے مطابق ستمبر کے اختتام پر قرضوں کے تناسب سے ڈیپازٹس کی شرح 38.2 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے جو گزشتہ سال ستمبر کے اختتام پر 39.3 فیصد تھی۔



