ٹاپ نیوز

باربارقرضہ لینے سے معیشت کمزورپڑجاتی ہے، امن، خوشحالی اور ترقی ہماری ترجیح ہے: وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ باربارقرضہ لینے سے معیشت کمزورپڑجاتی ہے، امن، خوشحالی اور ترقی ہماری ترجیح ہے۔

سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں وزیراعظم شہبازشریف نے فیوچرانویسٹمنٹ انیشیٹو کے سیشن میں اظہارخیال کیا۔

کانفرنس کے تحت اعلیٰ سطح گول میزمباحثے کا انعقاد کیا جس کا موضوع ’کیا انسانیت صحیح سمت کی طرف گامزن ہے‘ تھا۔

مباحثے سے خطاب میں وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھاکہ ملک میں ترقی کےلیے انقلابی اقدامات کررہےہیں، پاکستان قدرتی وسائل سے مالامال ہے، کرپشن کے خاتمے کےلیے اقدامات کر رہے ہیں، ایف بی آر میں اصلاحات کرکے مکمل ڈیجیٹائزڈ کردیا گیا ہے، ڈیجٹیلائزیشن سےکرپشن میں خاطرخواہ کمی آئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ باربارقرضہ لینے سے معیشت کمزورپڑجاتی ہے، پاکستان کی 60 فیصد آبادی نوجوانوں پرمشتمل ہے، صنعتی اصلاحات کی جارہی ہیں۔

ان کا کہنا تھاکہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے شدید متاثرہ 10 ممالک میں شامل ہے، پاکستان کو سیلاب جیسی قدرتی آفات کا سامنا رہتا ہے، قدرتی آفات کے نتیجے میں پاکستان کو اربوں ڈالرز کا نقصان ہوا ہے، بحالی کے عمل میں ہمیں زیادہ فنڈز کی ضرورت ہوتی ہے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ انسانیت کوصحیح سمت لےجانے کےلیے مختلف شعبوں میں برابری کا تعاون ہونا چاہیے، ایک دوسرے کےساتھ مختلف شعبوں میں تعاون سےآگے بڑھاجاسکتا ہے، پاکستان اے آئی سمیت جدید ٹیکنالوجی کے حصول کےلیے تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے، آرٹیفیشل انٹیلی جنس سے فائدہ اٹھانے کےلیے تمام وسائل بروئےکارلارہےہیں۔

ان کا کہنا تھاکہ زرعی شعبے میں جدت کےلیے اے آئی سے استفادہ کر رہےہیں، زرعی شعبے کی ترقی کےلیےنوجوانوں کو جدیدٹیکنالوجی سے روشناس کررہےہیں، زرعی شعبے میں جدت کےلیے پاکستانی نوجوان چین سے تربیت حاصل کر رہے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ امن، خوشحالی اور ترقی ہماری ترجیح ہے، پاکستان کو مختلف چیلنجز کا سامنا ہے، انتھک محنت سے ترقی کی منازل طے کی جاسکتی ہیں، کسی بھی کام کےلیے پختہ ارادہ کامیابی کی ضمانت ہوتا ہے۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button