قومی

کشمیری عوام ایک دن آزادی کی منزل سے ضرور ہمکنار ہوں گے، وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال کا یومِ سیاہ کشمیر پر پیغام

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے”یومِ سیاہ کشمیر” کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ یہ دن بھارت کے غیر قانونی قبضے اور کشمیری عوام کے بنیادی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کی یاد دلاتا ہے۔

پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ 27 اکتوبر 1947 تاریخ کا وہ سیاہ دن ہے جب بھارت نے کشمیریوں کی خواہشات اور اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے برعکس وادیٔ کشمیر پر جبری تسلط قائم کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیری عوام کی آواز دبانے میں ناکام ہو چکا ہے اور کشمیر کی آزادی کی جدوجہد ایک دن ضرور کامیاب ہو گی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ کشمیری عوام کے حقِ خود ارادیت کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کشمیری عوام کی لازوال قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی، بلکہ وہ ایک دن آزادی کی منزل سے ضرور ہمکنار ہوں گے۔

پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام، مظلوم کشمیریوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہیں اور ان کی جائز جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارت کو جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں بند کرنے اور کشمیریوں کو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حقِ خود ارادیت دینے پر مجبور کرے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے، جب تک وہ آزادی کی منزل حاصل نہیں کر لیتے۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button