پاکستان اور جنوبی افریقا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان ٹی 20 سیریز کا آغاز منگل کو راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں ہو گا

پاکستان اور جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ٹی 20 انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کا آغاز (کل) بروز منگل راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں ہو گا۔ سیریز کا پہلا میچ مقامی وقت کے مطابق رات 8 بجے شروع ہو گا۔ دونوں ٹیموں نے اس اہم مقابلے کے لیے بھرپور تیاری مکمل کر لی ہے اور شائقین کرکٹ کو ایک سنسنی خیز میچ دیکھنے کی توقع ہے۔ پاکستان ٹیم کی قیادت آل راؤنڈر سلمان علی آغا کریں گے۔
سکواڈ میں شامل دیگر کھلاڑیوں میں بابر اعظم، عبدالصمد، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، صائم ایوب، عثمان خان، محمد نواز، محمد وسیم، فہیم اشرف، حسن نواز، صاحبزادہ فرحان، سلمان مرزا، ابرار احمد، عثمان خان اور عثمان طارق شامل ہیں۔ مایہ ناز بیٹر بابر اعظم کی ٹی 20 سکواڈ میں واپسی ہوئی ہے۔
پاکستان وائٹ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن کا کہنا ہے کہ بابر اعظم ایک تجربہ کار بیٹر ہیں جو ٹیم کے لیے اہم کردار ادا کریں گے۔ بابر اعظم اس وقت ایک اہم سنگ میل کے قریب ہیں۔ انہیں بھارت کے روہیت شرما کا ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ توڑنے کے لیے صرف 9 رنز درکار ہیں۔ روہیت شرما نے 159 میچوں میں 4,231 رنز بنائے ہیں جبکہ بابر اعظم 128 میچوں میں 4,223 رنز کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔
دوسری جانب جنوبی افریقہ کی قیادت ڈونوون فریرا کریں گے۔ سکواڈ میں اوٹنیل بارٹمین، کوربن بوش، میتھیو بریٹزکے، ڈیوالڈ بریوس، نانڈرے برگر، کوئنٹن ڈی کوک، ٹونی ڈے زورزی، ریزا ہینڈرکس، جارج لنڈے، لنگی نگیدی، انکابایومزی پیٹر، لوان ڈرے پریٹوریئس، اینڈائل سیمیلانے اور لیزاد ولیمز شامل ہیں۔
دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کے آغاز پر شائقین کرکٹ میں زبردست جوش و خروش پایا جا رہا ہے اور راولپنڈی سٹیڈیم میں بڑی تعداد میں تماشائیوں کی آمد متوقع ہے۔ ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے سکیورٹی کے سخت انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں تاکہ شائقین کرکٹ پرامن اور خوشگوار ماحول میں میچ سے لطف اندوز ہو سکیں۔



