قومی ٹیم جذبے اور عزم کے ساتھ جنوبی افریقہ کے خلاف میدان میں اترے گی، سکواڈ میں چند کھلاڑیوں کی واپسی اور نئے چہروں کی شمولیت سے ٹیم کا کمبی نیشن مزید مضبوط ہوا ہے،سلمان علی آغا

پاکستان ٹی 20 کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے کہا ہے کہ قومی ٹیم بھرپور جذبے اور عزم کے ساتھ جنوبی افریقہ کے خلاف میدان میں اترے گی، سکواڈ میں چند کھلاڑیوں کی واپسی اور نئے چہروں کی شمولیت سے ٹیم کا کمبی نیشن مزید مضبوط ہوا ہے۔
سلمان علی آغا نے بیان میں کہا کہ قومی ٹیم کی قیادت کرنا ان کے لیے باعث فخر ہے اور انہیں یقین ہے کہ جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی 20 سیریز شاندار ثابت ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش کے خلاف ہوم سیریز میں ٹیم نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا اور کھلاڑی اسی تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے اس سیریز میں بھی اچھے نتائج حاصل کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ کپتان کے مطابق پاکستان ٹیم میں کسی بھی حریف کو شکست دینے کی مکمل صلاحیت موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹیم مینجمنٹ طویل المدتی منصوبوں پر عمل پیرا ہے جس کا مقصد پاکستان کرکٹ کو مستقل بنیادوں پر مضبوط اور مستحکم بنانا ہے۔ سلمان علی آغا نے کہا کہ جنوبی افریقہ ایک مضبوط ٹیم ہے تاہم ہمارے کھلاڑیوں میں ٹیلنٹ، جذبہ اور اعتماد تینوں موجود ہیں، اس لیے ایک سخت اور دلچسپ سیریز کی توقع کی جا رہی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان اب تک 24 ٹی 20 انٹرنیشنل میچز کھیلے جا چکے ہیں جن میں دونوں ٹیموں نے 12، 12 فتوحات حاصل کی ہیں۔ اس سیریز کے لیے بابر اعظم، نسیم شاہ اور عثمان خان کی واپسی سے قومی سکواڈ کو نمایاں تقویت ملی ہے۔
پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان تین ٹی 20 میچوں پر مشتمل سیریز کل (منگل) سے راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں شروع ہو گی جبکہ دوسرا اور تیسرا میچ بالترتیب 31 اکتوبر اور یکم نومبر کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔ تینوں میچز مقامی وقت کے مطابق رات 8 بجے شروع ہوں گے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل دونوں ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز ایک، ایک سے برابر رہی تھی۔



