قومی

سلامتی کونسل کے غیر مستقل رکن کے طور پر پاکستان زیادہ پرامن، انصاف پسند اور خوشحال دنیا کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہے،نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کا پیغام

نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان 26 ۔ 2025 کی مدت کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے غیر مستقل رکن کے طور پر ایک زیادہ پرامن، انصاف پسند اور خوشحال دنیا کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

جمعہ کو دفتر خارجہ کے مطابق اقوام متحدہ کے دن کے موقع پر اپنے پیغام میں نائب وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان اس بات کا اعادہ کرتا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کے رکن ممالک اور اقوام متحدہ کے نظام کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہے تاکہ امن، ترقی اور انسانی وقار کی خاطر اقوام متحدہ کے چارٹر کے وعدے کو تقویت ملے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر کی80 ویں سالگرہ کے موقع پر کثیرالجہتی کے لیے اپنی ثابت قدمی کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے بین الاقوامی برادری کے ساتھ شامل ہے، ہمیں یقین ہے کہ اقوام متحدہ دنیا کے سب سے زیادہ نمائندہ کثیرالجہتی ادارے کے طور پر مشترکہ عالمی چیلنجز بشمول بین الاقوامی امن اور سلامتی کو درپیش سنگین خطرات، بدترین انسانی بحران، مسلسل ترقی کے خلا اور موسمیاتی بحران سے نمٹنے کے لیے منفرد ادارہ ہے۔

نائب وزیر اعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے وژن کی رہنمائی میں پاکستان کی خارجہ پالیسی اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں جن میں ریاستوں کی خود مختار مساوات، عدم مداخلت، حق خود ارادیت اور تنازعات کے پرامن حل شامل ہیں ، کے ساتھ مضبوطی سے جڑی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری تاریخ تصادم پر سفارت کاری، تنہائی پر مشغولیت اور پولرائزیشن پر شراکت داری کی مستقل ترجیح کی عکاسی کرتی ہے۔

نائب وزیر اعظم نے کہا کہ کثیرالجہتی سے ہماری وابستگی کا اظہار اقوام متحدہ کے نظام میں کئی دہائیوں کی فعال شمولیت سے ہوتا ہے، پاکستان 1960 سے اقوام متحدہ کے امن آپریشنز میں سب سے زیادہ فوجی تعاون کرنے والے ممالک میں شامل ہے اور سب سے پرانے امن مشن میں سے ایک اقوام متحدہ کے ملٹری آبزرور گروپ انڈیا اور پاکستان (یو این ایم او جی آئی پی)کا میزبان ہے۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کا چارٹر بین الاقوامی قانون اور خود ارادیت کو برقرار رکھنے کے ہمارے اجتماعی عزم کی توثیق کرتا ہے، انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ ان نظریات کی سب سے زیادہ بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر تسلط جموں و کشمیر اور فلسطین میں مسلسل خلاف ورزی کی جا رہی ہے۔

نائب وزیر اعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے ذریعے کشمیری عوام کی حق خودارادیت کی جائز خواہشات کو بھارت کی جانب سے وحشیانہ جبر کے ذریعے مسترد کیا جارہا ہے، اسی طرح غزہ ہماری مشترکہ انسانیت اور عالمی ضمیر کا قبرستان بن چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے غیر مستقل رکن کے طور پر پاکستان ایک زیادہ پرامن، انصاف پسند اور خوشحال دنیا کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

نائب وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان نے اس سال جولائی میں سلامتی کونسل کی اپنی صدارت کے دوران اتفاق رائے بنانے میں ساکھ بنائی، اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں کو فروغ دینے میں ہمارے فعال کردار کے ساتھ ہمیں ایسے نتائج کی طرف کام کرنے کے قابل بناتا ہے جو اقوام متحدہ کی وسیع تر رکنیت کی خواہشات اور ترجیحات کی عکاسی کرتے ہیں۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button