قومی

عوام کو حقیقی معنوں میں تبدیلی نظر آئےگی، گیدڑ کے 100 سالہ اقتدار سے شیر کا ایک روزہ اقتدار بہتر ہے: سہیل آفریدی

خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ گیدڑ کے 100 سالہ اقتدار سے شیر کا ایک روزہ اقتدار بہتر ہے اور اب صوبے کی عوام کو حقیقی معنوں میں تبدیلی نظر آئے گی۔

خیبرپختونخوا اسمبلی اجلاس کے دوران خطاب کرتے ہوئے سہیل آفریدی کا کہنا تھاکہ افغان مہاجرین کے معاملے پر ہمارا مؤقف واضح ہے، چالیس سال گزارنے والے افغان مہاجرین کی باعزت واپسی کو یقینی بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب اور وفاق کی جانب سے آٹے کی ترسیل روکی گئی ہے، اپوزیشن وفاق سے صوبے کا حق مانگنے میں اپنا کردار ادا کرے، گیدڑ کے 100 سالہ اقتدار سے شیر کا ایک روزہ اقتدار بہتر ہے، وعدہ کرتا ہوں کہ صوبے کی عوام کا سر کبھی نہیں جھکاؤں گا، میرا اقتدار صوبے کی عوام کی فلاح و بہبود کیلئے ہوگا۔

سہیل آفریدی کا کہنا تھاکہ وفاقی حکومت نے کے پی پولیس کیلئے ناکارہ بلٹ پروف گاڑیاں بھیجیں جو پولیس کی تضحیک کے مترادف ہے، یہ گاڑیاں واپس وفاق کو دیں گے، ہم اپنے صوبے کے فیصلے خود کریں گے اور کسی بند کمروں کے فیصلے کو نہیں مانیں گے۔

انہوں نے کہا کہ میں نے بیوروکریسی اور دیگر اداروں کو احکامات دیے ہیں کہ کسی سیاسی ورکرکو تھری ایم پی او کے تحت اور طلبہ کو احتجاج کے دوران گرفتار نہ کیا جائے اور ان کے خلاف مقدمات درج نہ کیے جائیں، میرٹ اور ٹرانسپیرنسی کی پالیسی تیار کی جائے گی، نیو ٹریلین ٹری منصوبے کا بہت جلد افتتاح کیا جائے گا اور صوبے کی عوام کو حقیقی معنوں میں تبدیلی نظر آئے گی۔

سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ میرے وزیر اعلیٰ منتخب ہونے کے بعد میرے خلاف پریس کانفرنس کی گئی اور ایک بیانیہ بنایا گیا، اگر آئین و قانون کی بات کرنا ٹکراؤ ہے تو میں ڈنکے کی چوٹ پر اس ٹکراؤ کیلئے تیار ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملنے نہیں دیا جا رہا جس پر تمام ترقانونی فورمز جانے کے بعد معاملہ عوام کی عدالت میں رکھوں گا۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button